0
Friday 17 Oct 2014 22:17
اعلٰی سطحی اجلاس میں فیصلہ

محرم الحرام کے دوران جی بی میں باہر سے آنیوالے مقررین کے داخلے پر پابندی عائد

محرم الحرام کے دوران جی بی میں باہر سے آنیوالے مقررین کے داخلے پر پابندی عائد
اسلام ٹائمز۔ ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر عطاالرّحمٰن کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فل پروف سکیورٹی انتظامات کے بارے میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے تمام داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی نگرانی اور چیکنگ کے عمل کو موثر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا اور کہا گیا کہ محرم الحرام کے بارے میں ضلعی سطح پر پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے خصوصی پلان جاری کرینگے جس کے مطابق محرم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں میں کالے شیشے لگانے، لاوڈ اسپیکر کے ناجائز استعمال اور متنازعہ اشاعتی مواد کی تقسیم پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ اجلاس میں ماہ مقدس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اخوت و بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کے لئے گلگت بلتستان میں باہر سے آنے والے مقررین کے داخلے کو ممنوع قرار دیا گیا ہے اور ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر تاحکم ثانی پابندی رہے گی۔ امن و امان کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں تمام اضلاع کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے پاک فوج کے دستوں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ریسکیو ٹیموں کو محرم الحرام کے دوران چوکس رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ہوم سیکرٹری کی زیرصدارت اجلاس میں باہمی یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دینے کے لئے یونین سے لیکر ضلع اور صوبائی سطح تک مساجد بورڈ اور امن کمیٹیوں سے رابطے اور مشاورتی اجلاس کو یقینی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ شاہراہ قراقرم پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ محرم کے دوران سکیورٹی کے نقطہ نظر اور عوامی سہولیات کے لئے بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی۔ محرم سکیورٹی کے خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ محرم کے تمام جلوس روایتی اور مقررہ راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہونگے جس میں کسی قسم کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔ مقامی انتظامیہ کہیں بھی سکیورٹی کی ضرورت پڑنے پر فوری طور پر اس کمی کو دور کرے گی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکریٹریز، کمشنر بلتستان، ضلعی انتظامیہ کے عہدیدار اور قانون نافذ کرنے والے اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 415127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش