0
Tuesday 26 Oct 2010 00:39

کراچی،خودکش حملہ آور تیار کرنے والے کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے دو دہشتگرد گرفتار

کراچی،خودکش حملہ آور تیار کرنے والے کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے دو دہشتگرد گرفتار
کراچی:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی عمر شاہد نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم لشکر جھنگوی العالمی سے ہے۔پولیس نے خودکش حملے کے لیے تیار کیے جانے والے پندرہ سالہ لڑکے کو بھی بازیاب کروالیا۔کراچی میں ایس ایس پی سی آئی ڈی عمر شاہد اور ایس پی چوہدری اسلم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سی آئی ڈی اور دیگر اداروں نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملوں کے ماسٹر مائینڈ شیر زمان اور زین اللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزمان کا تعلق محسود قبائل سے بتایا جا تا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان شہر میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ان سے خودکش جیکٹ،ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اس بچے کو پنجاب یا خیبر پختونخوا میں خودکش حملے کے لیے تیار کر رہے تھے۔اس کے علاوہ آئندہ چند روز میں کوئٹہ میں ایک ڈاکٹر کو قتل کرنے کے لیے ٹیم بھی روانہ کرنے والے تھے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے لڑکے کے ساتھ ذیادتی کا بھی اعتراف کیا ہے۔دوسری جانب بازیاب ہونے والے پندرہ سالہ لڑکے کا کہنا ہے کہ حملہ نہ کرنے پر طالبان نے گلا کاٹنے کی دھمکی دی تھی۔تیار ہونے والا خودکش بمبار کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ نویں کلاس کا طالب علم ہے۔
آج نیوز کے مطابق کراچی سے خودکش حملہ آور تیار کرنے والے دو اور لاہور سے تین دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے۔سی آئی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔مکان سے کالعدم تحریک طالبان کے دو ملزمان گرفتار کر لئے۔ملزمان کی نشاندہی پر بائیس کلوگرام وزنی جیکٹ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔گرفتار شدگان پر حساس مقامات اور کوئٹہ میں مذہبی رہنما کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ملزمان نے بیت اللہ محسود اور قاری حسین سے رابطے کا انکشاف بھی کیا ہے۔ 
لاہور سے تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کر کے اسلحہ اور مشتبہ سامان برآمد کر لیا گیا۔ملزم قاری غلام رسول کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔ملزم پر مختلف مدرسوں کے طلباء کو ورغلا کر خودکش حملوں میں تیار کرنے کا الزام ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کے مطابق ملزمان نے دہشت گردی کے کئی منصوبوں کا انکشاف کیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 41771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش