0
Friday 9 Jan 2015 20:31

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کی عظیم الشان میلاد مصطفی موٹر سائیکل ریلی، لبیک یارسول اللہ کے نعرے

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کی عظیم الشان میلاد مصطفی موٹر سائیکل ریلی، لبیک یارسول اللہ کے نعرے
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ہفتہ وحدت، ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفی (ص) اور امام جعفر صادق کی مناسبت سے نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے چوک گھنٹہ گھر تک عظیم الشان میلاد مصطفی (ص) موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی، قومی بین المذاہب امن کمیٹی پنجاب کے کوارڈینیٹر علامہ غلام مصطفی انصاری، مولانا عمران ظفر، مولانا ممتاز حسین ساجدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملتان محمد عباس صدیقی سمیت دیگر نے کی۔ ریلی کا آغاز نماز جمعہ کے اختتام پر جامع مسجد الحسین نیوملتان سے ہوا، ریلی گلشن مارکیٹ، مدنی چوک، چوک کمہاراں والا، معصوم شاہ روڈ، دولت گیٹ، حسین آگاہی سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پہنچی جہاں قائدین نے باقاعدہ خطابات کیے۔ دریں اثنا ریلی کے دوران بھی علمائے کرام اور رہنمائوں نے خطاب کیا۔ ریلی میں موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد موجود تھی، ریلی کے شرکاء نے سبز پرچم اُٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی میں بچوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی اور علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ ہم مذہب کے نام پر اسلام اور پاکستان کو قتل نہیں ہونے دینگے، سیرت پیغمبر کی روشنی میں اسلام کے روشن چہرے اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم دہشت گردی کو کسی بھی روپ میں برداشت نہیں کریں گے جو لوگ مدارس کی اوٹ میں اکیسویں آئینی ترمیم کی مخالفت کر رہے ہیں ان کا ہدف دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنا اور قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، یہ گروہ بے نقاب ہو چکے ہیں، ہم دہشت گردوں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے خلاف معتدل اور محب وطن شخصیات اور جماعتوں کو متحد کر کے اسلام کے روشن اور چمکتے چہرے کو سامنے لائیں گے اور امن و سلامتی کے پیغام کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام کے خوب صورت چہرے اور ہزاروں شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 431404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش