0
Wednesday 10 Nov 2010 12:05

وزیراعظم اب تعاون کی امید نہ رکھیں،نواز شریف کا حکومت کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ

وزیراعظم اب تعاون کی امید نہ رکھیں،نواز شریف کا حکومت کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ
  خیر پور:اسلام ٹائمز-روزنامہ جسارت کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بھیک مانگنے والی حکومت قبول نہیں،آئی ایم ایف سے معاہدے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔وزیراعظم اب کسی بھی تعاون کی توقع نہ رکھیں۔حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف پہلے سے زیادہ احتجاج کریں گے۔پرامن انقلاب کیلئے ٹیم تلاش کر رہا ہوں۔ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلنے دیا جاتا تو آج ملک ترقی یافتہ اور عوام خوشحال ہوتے۔منگل کو خیر پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمیں خواب دیکھتے ہوئے 60 برس گزر چکے ہیں،پاکستان میں پرامن سبز انقلاب لانا چاہتے ہیں،انقلاب لانے والی ٹیم تلاش کر رہا ہوں،ملک مزید ظلم و تشدد برداشت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ منزل تک پہنچنے کیلئے کبھی ہم جمہوری گھوڑے اور کبھی مارشل لا کے گدھے پر بیٹھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری سے میثاق جمہوریت اس لیے نہیں کیا تھا کہ ملک میں کرپشن،مہنگائی اور ظلم ہو۔انہوں نے کہا کہ بار بار آمریت کی وجہ سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کرتے وقت اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا،لہٰذا وزیراعظم اپوزیشن سے کسی بھی قسم کی سپورٹ کی توقع نہ رکھیں۔موجودہ حکومت ملک کے حالات سنبھال نہیں سکتی اور نہ ہی ہمیں بھیک مانگنے والی حکومت قبول ہے۔حکومت کو عوام دشمن فیصلے ترک کر دینے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں ایک دفعہ پھر 1980ء کی سیاست کی جائے،اگر حکومت اپنے کرتوتوں سے باز نہ آئی تو جو حکومت کو چھوڑ کر گئے تھے،وہی اسے سنبھالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری سے یہ توقع نہ تھی کہ وہ میثاق جمہورریت کو توڑیں گے۔زرداری جب صدر بنے تو سب سے پہلے میں نے ان کو مبارکباد دی تھی۔لیکن زرداری نے ملک بدری اور جیل میں رہنے کے باوجود کچھ بھی نہیں سیکھا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت۔مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے،چینی پر کیوں بروقت فیصلے نہیں کیے گئے۔بجلی موجود نہیں۔جبکہ نرخوں میں آئے روز اضافہ کیا  جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے آزاد کمیشن بنانے کا مشورہ دیا تھا،اس پر عمل نہیں کیا گیا،آج عمل ہوتا تو سیلاب متاثرین کو امداد صاف شفاف طریقے سے فراہم ہوتی۔
خبر کا کوڈ : 43650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش