0
Saturday 14 Feb 2015 20:44

لاہور، خواتین نے ویلنٹائن ڈے کی بجائے یوم عشق رسول ﷺ منایا

لاہور، خواتین نے ویلنٹائن ڈے کی بجائے یوم عشق رسول ﷺ منایا
اسلام ٹائمز۔ نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان وومن ونگ، جامعہ سراجیہ نعیمیہ اور تحفظ ناموس رسالت محاذ شعبہ خواتین کے زیراہتمام حضور نبی کریم ﷺ سے اظہار محبت کے لئے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر،جامعہ نعیمیہ سراجیہ کی ناظمہ و سرپرست وومن ونگ نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہا کہ 14 فروری کا دن ویلنٹائین ڈے کی بجائے یوم عشق رسول ﷺ کے طور پر منایا جانا چاہیے، دنیا بھر کے مسلمان اسے نبی کریم ﷺ کے ساتھ عشق سے منسوب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں محبت وسیع معنی رکھتی ہے، فروغ محبت کا نعرہ لگا کر مسلم معاشرے میں بے حیائی کو پھیلانے کا عمل عالمی سازش ہے، دنیا بھر کے مسلم حکمران ویلنٹائن ڈے جیسے فحش ایام پر پابندی عائد کریں۔ انہوں نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے اپیل کی کہ وہ مغربی تہذیب کو پروان چڑھانے کے بجائے حیا کے فلسفہ کو قوم میں متعارف کروائے، کیوں کہ حضور نبی کریمﷺ نے حیا کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے سے بے حیائی پر مبنی ایام مسلم معاشرے میں کسی طور بھی مستحسن نہیں ہو سکتے، حیا کے فروغ کے لئے علما و مشائخ عوام میں شعور بیدار کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ سیرت سیدہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا پر عمل پیرا ہونے میں ہے، مغرب سمیت دنیا بھر میں آزادی نسواں کا نعرہ لگا کر عورتوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، مائیں اپنے بچوں کی تربیت اسلامی اصولوں کے مطابق کریں۔
خبر کا کوڈ : 440355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش