0
Friday 27 Feb 2015 11:35

شکیل آفریدی کی رہائی تک امریکی امداد بند کرنے پر زور

شکیل آفریدی کی رہائی تک امریکی امداد بند کرنے پر زور
اسلام ٹائمز۔ واشنگٹن میں امریکی کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی تک پاکستان کو دی جانے والی پچاس کروڑ ڈالر کی امداد پر پابندی لگا دی جائے۔ واضح رہے کہ امریکی وزارتِ خارجہ کی طرف سے بین الاقوامی خارجہ امور کے لیے 2016 کے بجٹ میں پاکستان کے لیے تقریباً نوے کروڑ ڈالرامداد کی سفارش کی گئی ہے، جس میں سے تقریبا 50 کروڑ ڈالر دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مَد میں ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری ایوانِ نمائندگان میں ممبران کے سوالوں کا جواب دینے کے لیے پیش ہوئے، جہاں مذکورہ بجٹ کو پاس ہونے کے لیے کانگریس کی منظوری درکار تھی۔ 

ریاست کیلی فورنیا کی نمائندگی کرنے والے ممبر ڈنا روہر باكر نے اس موقع پر ڈاکٹر شکیل آفریدی کی حمایت میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر میں سب سے بڑا دوست وہ ہے جو امریکہ کے دشمن کا سب سے بڑا دشمن ہے لیکن جس شخص نے امریکہ کو اسامہ بن لادن کو پكڑوانے میں مدد کی وہ پاکستان کی ایک جیل میں بند ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر آفریدی مختلف دہشت گرد تنظیموں سے مبینہ روابط کے الزام میں 23 برس کے لیے پشاور کی جیل میں قید ہیں۔
اکیاون سالہ ڈاکٹر آفریدی کو امریکا میں ایک ہیرو تصور کیا جاتا ہے جنھوں نے مئی 2011 میں امریکی نیوی سیل ٹیم 6 کو صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں واقع اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ پر چھاپے میں مدد فراہم کی تھی۔ ڈنا روہر باكر کا کہنا تھا کہ جس ملک نے آفریدی کو جیل میں ڈال کر ہمارے منہ پر تھپڑ مارا ہے، انتظامیہ اسی ملک کو پچاس کروڑ ڈالر دینے کا سوچ رہی ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ امداد دے دی گئی تو اس سے یہی تاثر ملے گا کہ کوئی امریکا کے لیے اپنی جان دے دے ، لیکن پھر بھی اسے مرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے گا۔ بی بی سی کے مطابق وزیرِ خارجہ جان کیری نے اس حوالے سے کہا کہ وہ اس معاملے کو سابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور موجودہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے سامنے اٹھا چکے ہیں، آفریدی کو جیل میں قید رکھنا ناانصافی ہے اور اس اصول کے خلاف ہے جس کے لیے امریکہ کوشش کررہا ہے۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس مسئلے کا حل سفارتی طریقوں سے مذاکرات کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے۔ بی بی سی کے مطابق گذشتہ بجٹ میں بھی شکیل آفریدی کی رہائی تک پاکستان کو ملنے والی رقم میں سے تقریباً تین کروڑ تیس لاکھ ڈالر کو روکنے کی شرط رکھی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 443547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش