0
Sunday 8 Mar 2015 12:18

قبائلی علاقوں میں آپریشن کی کامیابی کا انحصار سرحد کے دونوں جانب بہتر تعاون پر ہے، آرمی چیف

قبائلی علاقوں میں آپریشن کی کامیابی کا انحصار سرحد کے دونوں جانب بہتر تعاون پر ہے، آرمی چیف
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا جاری رہنا واحد راستہ ہے، آپریشن سے بارڈر مینجمنٹ بہتر ہوگی۔ متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات ممکن بنائے جائیں، بے گھر افراد کی واپسی کا عمل مارچ کے وسط میں شروع ہو جانا چاہئے۔ وہ کور ہیڈکوارٹر پشاور کے دورہ کے موقع پر فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اس موقع پر خیبر پی کے اور فاٹا میں سکیورٹی کی صورتحال، شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اور ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ون سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے تمام متعلقہ ایجنسیوں پر عارضی طور پر بے گھر افراد کی طے پانے والے نظام الاوقات کے تحت باعزت واپسی کےلئے رابطوں اور تعاون پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ڈی پیز کی واپسی رواں ماہ کے وسط میں شروع ہو گی۔ بریفنگ میں آئی ڈی پیز کی واپسی کیلئے مختلف ایجنسیوں کے درمیان تعاون پر غور کیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ان کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوجاتا۔ جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسیوں میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور خیبر ون میں پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ خیبر پی کے اور فاٹا میں امن و امان کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کے ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جاری آپریشنوں کی کامیابی کا انحصار سرحد کے دونوں جانب بہتر تعاون پر ہے۔
خبر کا کوڈ : 445740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش