0
Friday 15 May 2015 22:14
ٹھیکے دار حکمرانوں کو عوام کے جان و مال سے کوئی غرض نہیں

عوام اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

عوام اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل، کرپٹ اور بزدل سیاسی قیادت دہشت گردوں کے مکمل صفایا کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ 17 دسمبر 2014ء کے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات سے ثابت ہوگیا کہ دہشت گرد جاگ رہے ہیں اور حکمران سو رہے ہیں۔ سانحہ کراچی صفورا چورنگی اپنی نوعیت کی بدترین دہشت گردی ہے، جس وقت لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں ہسپتالوں میں پہنچا رہے تھے، اس وقت وزیراعظم دعوت اڑا رہے تھے۔ مرکزی میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد قوم توقع کر رہی تھی کہ اب حکمرانوں کی ساری توجہ دہشت گردی کے خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر ہوگی مگر فوج اور ذیلی اداروں کو دہشت گردی کی جنگ میں مصروف کرکے حکمرانوں نے ٹھیکہ داری شروع کر دی۔ ٹھیکے دار حکمرانوں کو عوام کے جان و مال سے کوئی غرض نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 17 دسمبر کے بعد کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، شکارپور اور چمن سمیت ہر اہم شہر میں دہشت گردوں نے 8 سے زائد واقعات میں خون کی ہولی کھیلی اور باآسانی فرار ہوگئے۔ اس وقت عوام کا حکمرانوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور وہ شدید اشتعال میں ہیں، بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانی، تاجر اور مختلف شعبوں کے ماہرین ملکی حالات پر دل گرفتہ ہیں، قدم قدم پر حکمرانوں کی نااہلی ملک اور قوم کو کامیابی کی منزل سے دور کر رہی ہے اور حکمرانوں کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ وہ طفل تسلیوں اور زبانی جمع خرچ کے ذریعے وقت نکال رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے اور اس کی قیادت مشکوک مینڈیٹ رکھنے والی بزدل قیادت کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹھیکے داری اور کمیشن خوری ترک کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ پر توجہ دیں۔ عوام اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 461070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش