0
Monday 9 Nov 2015 15:41

عالمی استعماری قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عالم اسلام کو متحد ہونا چاہیے، سراج الحق

عالمی استعماری قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عالم اسلام کو متحد ہونا چاہیے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک حکمران اپنا سرمایہ ملک میں لے کر نہیں آتے نہ تو یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ سکتی ہے اور نہ ہی ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہوسکتی ہے۔ قومی دولت لوٹ کر بیرونی بینکوں میں جمع کروانے والوں کو گردن سے پکڑنا ہوگا۔ احتساب کے ادارے اپنی کارکردگی سے عوام کو مطمئن نہیں کر سکے۔ جب تک کڑا اور بے رحم احتساب نہیں ہوتا لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کو روکنا ممکن نہیں۔ حکومت کے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے تمام دعوے نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں۔ سردی بڑھنے اور بجلی کی کھپت کم ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ دیانت دار قیادت ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے پاکستان انجینئرنگ فورم کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امراء راشد نسیم، حافظ ادریس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور محمد اصغر بھی موجود تھے۔ اجلاس سے پاکستان انجینئرنگ فورم کے صدر حماد رشید نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی استعماری قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عالم اسلام کو متحد ہونا چاہیے۔ عالم اسلام کو متحد کرنے کے لیے پاکستان مرکزی کردار ادا کرسکتا ہے مگر نااہل اور بد دیانت حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان اپنا وہ نمایان مقام حاصل نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر فلسطین اور برما سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کے لیے بھی ہم اس وقت کچھ کر سکتے ہیں جب ہم اندرونی طور پر مضبوط ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم اور مضبوط پاکستان کے لیے امن و امان کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام ضروری ہے جس کی طرف حکومت بالکل توجہ نہیں دے رہی اور قومی اداروں کی بہتری کی بجائے انہیں فروخت کرنے اور آئی ایم ایف سے قرض لے کر ملک کو چلانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
خبر کا کوڈ : 496622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش