0
Sunday 9 Jan 2011 20:41

کراچی،ناموس رسالت قانون کے حق میں مذہبی جماعتوں کی ریلی، مطالبات نہیں مانے تو لانگ مارچ ہو گا،تحریک ناموس رسالت

کراچی،ناموس رسالت قانون کے حق میں مذہبی جماعتوں کی ریلی، مطالبات نہیں مانے تو لانگ مارچ ہو گا،تحریک ناموس رسالت
کراچی:اسلام ٹائمز-تحریک تحفظ ناموس رسالت ص کے تحت تحفظ ناموس رسالت قانون میں مجوزہ ترمیم کی کوششوں کے خلاف کراچی میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے جس سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون تحفظ ناموس رسالت میں کسی قسم کی کوئی بھی ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوپہر سے ہی شہر کے مختلف علاقوں سے مزار قائد پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونا شروع ہو گئی۔ مزار قائد سے قافلوں کی صورت میں شرکا اور قائدین تبت سینٹر کی طرف روانہ ہوئے اور ریلی نے تبت سینٹر پر پہنچ کر جلسہ کی صورت اختیار کر لی۔ 
جلسہ سے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تحریک ناموس رسالت کی تحریک ہے جو پرامن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کے فلور پر پالیسی بیان دیں کہ ناموس رسالت قانون میں کسی قسم کی کوئی ترمیم نہیں کی جا رہی۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور الطاف حسین قومی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمانی مسئلہ پر دو ٹوک موقف قوم کے سامنے لائیں اور ہمارا ساتھ دیں۔ 
جلسہ سے خطاب میں جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں کسی قسم کی کوئی ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ شیطانی قوتیں ہیں جو قوم کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر تحریک ناموس رسالت صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ بغیر گولی چلے اور گاڑیاں جلے کامیاب ہڑتال کے بعد کراچی میں تاریخی جلسہ نے ثابت کر دیا کہ یہ پوری قوم عاشق رسول ہے۔ ریلی کے شرکا سے خطاب میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ صدر زرداری، وزیراعظم، نام نہاد دانشور اور مغرب زدہ اراکین اسمبلی دیکھ لیں کہ کراچی کی عوام نے ان کے خلاف کتنا بڑا احتجاج کیا ہے۔ اس موقع پر وفاق المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ ناموس رسالت قانون کے تحفظ کے لئے پوری قوم جان دینے کو تیار ہے۔ جلسہ میں کئی قراردادیں بھی منظور کی گئی جبکہ میڈیا سے اپیل کی گئی کہ وہ اس تاریخی جلسہ کی براہ راست کوریج کرے۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک ناموس رسالت کے مرکزی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ترمیم کی ہٹ دھرمی ختم نہ کی تو تیس جنوری کو لاہور میں تاریخی لانگ مارچ اور جلسہ منقعد کیا جائے گا۔ تحریک ناموس رسالت کے مرکزی رہنماووں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لاکھوں عوام نے ایم اے جناح روڈ پر تاریخی ریلی اور جلسے میں شرکت کر کے حکومت کے خلاف ریفرنڈم دیدیا ہے، جلسے سے مولانافضل الرحمن،سید منو رحسن، صاحبزادہ محمد زبیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا،مولانافضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کو توہین رسالت کا قانون برداشت نہیں تو ملک کی عوام کو گستاخ رسول بھی برداشت نہیں۔
خبر کا کوڈ : 49837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش