0
Thursday 7 Jan 2016 08:55

پٹھان کوٹ واقعہ باعث تشویش، مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش، حریت کانفرنس (م)

پٹھان کوٹ واقعہ باعث تشویش، مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش، حریت کانفرنس (م)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) نے کہا ہے کہ ماضی میں جب بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان مسائل کے حل کےلئے مذاکراتی عمل کا انعقاد ہوا تو اس عمل کو سبوتاژ کرنے کےلئے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔ حریت کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان پچھلے ایک مہینے کے دوران مذکراتی عمل کی بحالی کی حوالے سے ہوئے اقدامات کو حوصلہ افزاءقرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ملکوں کی اعلیٰ سطحی قیادت مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کےلئے جو قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے اور مسائل کے حل اور امن کی تلاش میں دونوں وزرائے اعظم ذاتی طور جس طرح پُرعزم نظر آ رہے ہیں، وہ ہر لحاظ سے باعث اطمینان ہے۔ اجلاس میں پٹھانکوٹ میں پیش آئے حالیہ واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ماضی میں جب بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان مسائل کے حل کےلئے مذاکراتی عمل کا انعقاد ہوا تو اس عمل کو سبوتاژ کرنے کےلئے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے اور وہ عناصر جو ماحول کو مکدر کر کے مذاکراتی عمل کو پٹری سے اتارنے کے درپے ہیں دراصل وہ جنوب ایشائی خطے کے عوام کے مفادات کو زک پہنچانے کے عمل میں مصروف ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ خطے میں جوہری ہتھیاروں کی موجودگی سے اس طرح کے واقعات پورے خطے کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر سکتے ہیں اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی اور تناﺅ کا موجب بن سکتے ہیں۔ اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ انتہائی مشکلات کی موجودگی کے باوجود بھارت اور پاکستان کے وزرائے اعظم امن اور مسائل کے حل کے حوالے سے موجودہ مذاکراتی عمل کو انتہائی دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھانے کی کوشش کرینگے اور اس عمل کو کسی بھی حالت میں سبوتاژ ہونے سے روکیں گے۔ اجلاس میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان باہمی تعاون اور اعتماد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے خطے میں مذاکراتی عمل کےلئے ایک سازگار ماحول پیدا ہونے کی امید کی جاسکتی ہے تاکہ خطے میں پائے جانے والی کشیدگی اور تشدد کا خاتمہ کیا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 510817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش