0
Thursday 14 Jan 2016 18:55

عبدالرحیم قریشی کا انتقال ہندوستانی مسلمانوں کے لیے عظیم خسارہ، اسرار الحق قاسمی

عبدالرحیم قریشی کا انتقال ہندوستانی مسلمانوں کے لیے عظیم خسارہ، اسرار الحق قاسمی
اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری عبدالرحیم قریشی کی وفات پر رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ممبر پارلیمنٹ ہند و آل انڈیا تعلیمی و ملی فاؤنڈیشن کے صدر مولانا اسرار الحق قاسمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ عبدالرحیم قریشی کی وفات سے مسلم پرسنل لاء بورڈ سمیت ہندوستان بھر کے مسلمانوں کو سخت نقصان پہنچا ہے جس کی بھرپائی مشکل ہے۔ مولانا اسرار الحق قاسمی نے کہا کہ عبدالرحیم قریشی ایک طویل عرصے تک مسلم پرسنل لاء بورڈ سے وابستہ رہے اور انھوں نے اس کے اسٹیج سے ہندوستانی مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کرنے کی قابلِ قدر کوششیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ عبدالرحیم قریشی ان گنے چنے لوگوں میں سے تھے جن کے دل میں ملت کا درد ہوتا ہے اور وہ ہر صورت میں ملت اور قوم کی فکر کرتے ہیں، جب بھی مسلمانوں پر کوئی ناگفتہ بہ حالت آئی تو بورڈ کے دیگر ذمہ داروں اور ارکان کے ساتھ عبدالرحیم قریشی نے پورے اخلاص اور بے لوثی کے ساتھ اپنی خدمات پیش کیں۔ مولانا اسرار الحق نے کہا کہ مرحوم ایک قابل قانون داں اور منجھے ہوئے اہلِ قلم تھے اور انھوں نے متعدد اہم موضوعات پر نہایت ہی وقیع مضامین اور کتابیں تحریر کیں۔

مولانا اسرار الحق قاسمی نے کہا کہ ذاتی طور پر تاحیات ان سے میرے مراسم رہے، وہ اخلاق کے اعتبار سے نہایت ہی سلجھے ہوئے انسان تھے، تواضع اور سادگی ان کی زندگی کا خاص وصف تھا۔ انھوں نے جنوبی ہند کے مسلمانوں کے سماجی مسائل و مشکلات کو دور کرنے اور مسلم معاشرہ کی تعمیر و تشکیلِ نو کے لیے مجلسِ تعمیرِ ملت کے پلیٹ فارم سے بھی قابلِ قدر جد و جہد کی۔ مولانا اسرار الحق قاسمی نے ان کی وفات کو ہندوستان بھر کے مسلمانوں سمیت ذاتی خسارہ قرار دیتے ہوئے ان کے لیے مغفرت و بخشش اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 512486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش