0
Wednesday 2 Feb 2011 22:24

جامعہ کراچی،یوم حسین ع،طلباء کی سوچ میں فکری تبدیلی کر کے ہی انقلاب لایا جا سکتا ہے،پیرزادہ قاسم رضا صدیقی

جامعہ کراچی،یوم حسین ع،طلباء کی سوچ میں فکری تبدیلی کر کے ہی انقلاب لایا جا سکتا ہے،پیرزادہ قاسم رضا صدیقی
کراچی:اسلام ٹائمز-طلباء کی سوچ میں فکری تبدیلی کر کے ہی انقلاب لایا جاسکتا ہے، حسین علیہ اسلام حریت کا نام ہے، واقعہ کربلا ہمیں ہمیشہ آزادی کا پیغام دیتا ہے، واقعہ کربلا سے اگر ہمیں عبرت نہیں تو ہم کبھی کامیاب و کامران نہیں ہوں گے،ان خیالات کا اظہار مقررین نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان جامعہ کراچی یونٹ اور دفتر مشیر طلباء جامعہ کراچی کی جانب سے اولڈ پارکنگ ایریا میں منعقدہ یوم حسین ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی، آئی ایس او کے مرکزی صدر رحمن شاہ، نائب امیر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر عبدالرشید، مولانا احمد اقبال رضوی و دیگر شامل تھے جبکہ شجاع رضوی، اشرف عباس و دیگر نے سلام پیش کیا، اس موقع پر اے پی ایم ایس او، پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے سبیل امام بھی لگائی گئی۔ یوم حسین ع میں طلبہ و طالبات کے علاوہ اساتذہ کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ طلباء کی سوچ میں فکری تبدیلی کر کے ہی انقلاب لایا جا سکتا ہے، حسینیت ع کے پیغام کو آگے چلانے کے لیے ہم سب کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ اس میں ہم سب کی بھلائی اور فلاح ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ امام حسین ع نے ظلم و تشدد کے خلاف آواز حق بلند کی اور ہمیں ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔
علامہ امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسین ع حریت کا نام ہے، واقعہ کربلا ہمیں ہمیشہ آزادی کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں تحریک امام حسین ع کو اپنا شعار بنا کر انقلاب کی راہ ہموار کرنے میں کوشاں رہنا چاہیے، آئی ایس او کے مرکزی صدر رحمن شاہ نے کہا کہ امام حسین ع نے کربلا میں اپنے اہل و عیال کے ہمراہ قربانی دے کر اسلام اور نام کو تا ابد زندہ و جاوید کر ڈالا، رہتی دنیا تک نام محمد ع کے ساتھ نام حسین ع بھی زندہ رہے گا۔
ڈاکٹر عبدالرشید نے کہا کہ حسین ع ہدایت کا چراغ اور نجات کی کشتی ہے۔ اس قول کے معنی کو  سمجھتے ہوئے ہمیں اپنی زندگی کو راہ حسین ع پر  ہموار کرنا چاہیے، مولانا احمد اقبال نے درس کربلا سے عبرت لینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا سے اگر ہمیں عبرت نہیں ہے تو ہم کامیاب و کامران نہیں ہوں گے۔ اس کے لیے ہمیں اپنی صفوں کے اندر اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ آخر میں مشیر امور طلباء پروفیسر انصر رضوی نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 53057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش