0
Thursday 3 Feb 2011 09:22

امریکا نے بھی حسنی مبارک کو جھنڈی کرا دی،مصر کے صدر کو ابھی جانا ہو گا

مصر میں تبدیلی کا وقت آ گیا،براک اوباما
امریکا نے بھی حسنی مبارک کو جھنڈی کرا دی،مصر کے صدر کو ابھی جانا ہو گا
واشنگٹن:اسلام ٹائمز-مصر کی صورتحال پر امریکا کی بے چینی بھی بڑھتی جا رہی ہے اور اس نے اپنے تیس سال پرانے اتحادی صدر حسنی مبارک کے خلاف موقف مزید سخت کر لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبس کا کہنا ہے کہ امریکا مصری صدر کو ستمبر تک کا وقت دینے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے عوام ایسا کوئی عمل نہیں چاہتے جو ابھی شروع ہو اور ایک ہفتے، ایک مہینے یا کئی ماہ تک جاری رہے۔ اگر آپ مجھ سے یہ پوچھ رہے ہیں کہ اب کا مطلب ستمبر ہے تو اس وقت بے موقع گرمی ہے لیکن یہ ستمبر نہیں ہے۔ اب کا مطلب ہے ابھی۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے قاہرہ میں جھڑپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر مصری حکومت نے کسی تشدد کو ہوا دی ہے تو اُسے اب روک دینا چاہئے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے بھی مصری نائب صدر عمر سلیمان کو فون کیا۔ انہوں نے مظاہرین پر تشدد کی تحقیقات کرنے اور ذمے دار عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر میں اقتدار کی منتقلی کا عمل اب شروع ہو جانا چاہیے۔ تاہم مصری حکومت نے اقتدار کی فوری منتقلی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ مصر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ غیر ملکی فریقوں کی جانب سے اس مطالبے کا مقصد مصر کی داخلی صورتحال کو مزید خراب کرنا ہے۔
ادھر امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ مصر میں تبدیلی کا وقت آگیا، تبدیلی عوامی امنگوں کے مطابق ہونی چاہیے، مصر کی تحریک نے امریکا سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا۔ امریکی صدر بارک اوباما نے مصر کی صورتحال پر وائٹ ہاوٴس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر حسنی مبارک کا انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان اچھا آغاز ہے۔ انہوں نے مبارک سے کہہ دیا ہے کہ اب اقتدار کی منتقلی ہو جانی چاہئے، انتقال اقتدار پرامن ہونا چاہئے، اور حسنی مبارک نے اقتدار کی منتقلی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج مصر کے عوام کا حق ہے اور امریکا احتجاج سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے گا، فوج پرامن مظاہرین کو احتجاج کا حق دے۔ صدر اوباما نے مصر کے نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس تحریک نے امریکا سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا۔ صدر اوباما نے اس سے پہلے حسنی مبارک کو ٹیلی فون کیا۔ تیس منٹ تک بات چیت میں مصر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادھرامریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا کہ حسنی مبارک کو آئندہ صدارتی انتخاب میں حصہ نہ لینے کا مشورہ براک اوباما نے دیا۔ اخبار کے مطابق امریکی صدر کا یہ پیغام سابق امریکی سفیر فرینک وینسر نے حسنی مبارک سے ملاقات کے دوران پہنچایا۔
خبر کا کوڈ : 53106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش