0
Saturday 16 Apr 2016 22:26

افغانستان، بمباری اور جھڑپوں میں 70 شدت پسند ہلاک

افغانستان، بمباری اور جھڑپوں میں 70 شدت پسند ہلاک
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں بمباری اور سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں داعش کے 40 اور طالبان کے 30 شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ افغان اور امریکی فوج نے صوبہ ننگرہار میں مشترکہ فضائی آپریشن میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں 40 جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ننگرہار میں داعش کے ٹھکانوں پر 70 سے زائد فضائی حملے کیے گئے۔ جس میں داعش کا ایک ٹریننگ کیمپ بھی تباہ کر دیا گیا۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان جنرل دولت وزیری کے مطابق یہ فضائی کارروائی صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن میں کی گئی۔ ان کے بقول بمباری میں 40 شدت پسند ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مرنے والے زیادہ تر غیرملکی تھے۔ صوبے ننگرہار میں داعش کے جنگجوؤں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس تنظیم میں طالبان سے منحرف ہونے والے شامل ہو رہے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق افغان فورسز نے قندوز شہر پرطالبان کا حملہ پسپا کردیا ہے۔ پچھلے سال طالبان نے قندوز شہر پر مختصر وقت کے لیے قبضہ کیا تھا۔ جھڑپیں قندوز شہر کے اردگرد اور صوبہ کے 6 اضلاع میں ہوئیں۔ جھڑپوں میں 30 طالبان ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق کچھ مقامات پر لڑائی اب بھی جاری ہے۔ طالبان ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار ضلع سے بھاگ گئے ہیں۔ آن لائن کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے ملک کے مشرقی حصے میں ہتھیاروں کا گودام برآمد کر لیا ہے۔ افغان نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ صوبہ لوگر کے اضلاع خیوشی اور آذرا میں سکیورٹی فورسز نے مختلف آپریشنز کے دوران ہتھیاروں کی 3 کھیپیں برآمد کی ہیں، جو حقانی نیٹ ورک کی تھیں۔ ادھر افغانستان میں بین الاقوامی اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل چارلس کلیولینڈ کا کہنا ہے کہ بظاہر داعش افغانستان میں اپنی گرفت کھو رہا ہے۔ پینٹا گان میں صحافیوں سے وڈیولنک کے ذریعے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ہمارا خیال ہے کہ ہم نے افغانستان میں داعش کی موجودگی کو قابل ذکر حد تک کم کیا ہے۔ امریکی فوج کے اندازوں کے مطابق افغانستان میں داعش کے تقریباً ایک ہزار سے3 ہزار جنگجو موجود ہیں، تاہم کلیولینڈ کا کہنا تھا کہ اصل تعداد شاید اس سے بھی کم ہو۔
خبر کا کوڈ : 533753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش