0
Monday 27 Jun 2016 21:22

ترکی نے طیارہ گرانے پر روس سے معافی مانگ لی، پائلٹ کو ہلاک کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی بھی یقین دہانی

ترکی نے طیارہ گرانے پر روس سے معافی مانگ لی، پائلٹ کو ہلاک کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی بھی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کریملن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے پر اپنے روسی ہم منصب کو معذرت کا پیغام بھیجا ہے۔ اردوگان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ معذرت کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں ترکی کی فضائیہ نے ایک روسی طیارے کو مار گرایا تھا۔ اس واقعے کے بعد ترکی اور روس میں سخت کشیدگی ہوگئی تھی۔ ولادی میر پوٹن نے اس کو روس کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف قرار دیا تھا۔ صدر پوٹن کے ترجمان دمتری پسکوف کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ترک صدر نے طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے میں ہلاک روسی پائلٹ کے خاندان سے ہمدردی اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معافی مانگتے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں ترکی نے ایک روسی جنگی طیارے کو ترکی کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی پر تباہ کر دیا تھا۔ روس نے اس واقعہ کے بعد ترکی پر تجارتی پابندیاں عائد کر دی تھیں اور روسی سیاحوں کے ترکی جانے پر بھی پابندیاں لگا دی تھیں۔ روس کے صدر نے اعلان کیا تھا کہ جب تک ترکی معافی نہیں مانگے جائے گا، تجارتی پابندیں نہیں اٹھائی جائیں گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق روسی صدر ولادیمر پیوٹن کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ترک صدر نے روسی طیارہ مار گرانے پر معافی مانگ لی ہے، ترک صدر نے اپنے خط میں روسی پائلٹ کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔ ترجمان روسی صدر کا کہنا ہے کہ ترک صدر نے روس کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، نومبر 2015ء میں ترکی نے شام سے ملحقہ سرحد پر روس کا ایک جیٹ لڑاکا طیارہ مار گرایا تھا جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ تھے۔ ماسکو میں کریملن سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو بھیجے گئے خط میں روسی طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے پر باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔ ترک صدر طیب اردوگان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ترک صدر طیب اردوان نے روسی صدر پیوٹن کو خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے روسی طیارہ گرانے پر بے حد افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترکی نے طیارے کے پائلٹ کو ہلاک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 549157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش