0
Wednesday 27 Jul 2016 10:45

الیکشن کمیشن کے 4 نئے ارکان نے حلف اٹھا لیا

الیکشن کمیشن کے 4 نئے ارکان نے حلف اٹھا لیا
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 4 نئے ارکان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا نے ارکان سے حلف لیا، جس کے بعد الیکشن کمیشن فعال ہو گیا۔ یاد رہے کہ رواں ہفتے 25 جولائی کو پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نئے ارکان کی تقرری کے لیے 4 ناموں کی حتمی منظوری دی تھی اور جسٹس (ر) شکیل احمد بلوچ کو بلوچستان، ریٹائرڈ فیڈرل سیکریٹری عبدالغفار سومرو کو سندھ، جسٹس (ر) ارشاد قیصر کو خیبرپختونخوا اور جسٹس (ر) الطاف ابراہیم کو پنجاب سے الیکشن کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کرنے والی پارلیمانی کمیٹی میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، سینیٹر میر کبیر احمد شاہی، سینیٹر اسلام الدین شیخ، سینیٹر داؤد خان اچکزئی، رکن قومی اسمبلی محمد جنید انور چوہدری، ایم این اے محمد ارشد خان لغاری، نواب یوسف تالپور، غلام مصطفیٰ شاہ، ایم این اے شیریں مزاری اور خالد مقبول صدیقی شامل تھے۔

واضح رہے کے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی اراکین گزشتہ ماہ 12 جون کو اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے تھے اور قانون کے مطابق 45 دن کے اندر ان کے جانشینوں کی تقرری ضروری ہوتی ہے۔ ارکان کی حتمی منظوری کے بعد سمری وزیراعظم نواز شریف کو بھیجی گئی، جس کے بعد حتمی نوٹیفکیشن صدر ممنون حسین نے جاری کیا۔ یاد رہے کہ رواں ماہ سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنے آئینی حق کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی خالی نشستوں پر 45 دن کے اندر تقرری کو یقینی بنائے، اس ڈیڈ لائن کی مدت 27 جولائی کو ختم ہو رہی تھی۔ اس سے قبل سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے کے معاملے پر از خود نوٹس لیا تھا۔

خبر کا کوڈ : 555716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش