0
Monday 28 Feb 2011 14:43

پاکستان کو امریکی کالونی بنانے کی سازشیں نیست و نابود ہو چکی ہیں،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

پاکستان کو امریکی کالونی بنانے کی سازشیں نیست و نابود ہو چکی ہیں،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ مسلم ممالک میں بیداری کی تحریک دنیا میں امریکی غاصبانہ تسلط کے خاتمہ کا عملی ثبوت ہے، پاکستان کو امریکی کالونی بنانے کی سازشیں نیست و نابود ہو چکی ہیں، دنیا کا مقدر اسلامی نطام میں ہی پنہاں ہے، ریمنڈ ڈیوس کیس پر عوام حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مصر، تیونس، بحرین، لیبیا اور یمن سمیت عالم اسلام میں اٹھنے والی عوامی بیداری کی تحریکوں سے اظہار یکجہتی اور امریکی و صہیونی نواز غاصب حکمرانوں کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے کے لئے نکالی گئی ’’دفاع مسلمین ریلی‘‘سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر نصر اللہ شجیع، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مولانا مرزا یوسف حسین، مولانا حیدر عباس، مولانا محمد علی الحسینی، علی اوسط و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا، ریلی کا آغاز مین نمائش چورنگی سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ہوا، جبکہ ریلی میں سینکڑوں افراد سمیت خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر غاصب حکمرانوں کی برطرفی اور اسرائیلی ایجنٹ قذافی کو سزائے موت دینے کا مطالبہ درج تھا جبکہ عالمی استعمار امریکا اور اسرائیل سے نفرت پر مبنی نعرے بھی درج تھے۔
شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور معروف عالم دین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ تیونس سے شروع ہونے والی عوامی بیداری کی تحریک اب مشرق وسطیٰ اور افریقائی ممالک سمیت دنیا کے گوش و کنار میں پھیل رہی ہے، دشمنان اسلام و مسلم امہ نے جس انقلاب اسلامی کو 1979ء میں دبانے کی جو سازش کی تھی وہ عملی طور پر ناکام ہوئی ہے اور انقلاب اسلامی ایران سرحدوں تک محدود نہیں رہا بلکہ دنیا کے گوش و کنار میں نمو دار ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیونس میں عوامی انقلاب ہو یا مصر میں امریکی ایجنٹ غاصب نامبار ک کے غاصبانہ تسلط کا خاتمہ، لیبیا میں صہیونی ایجنٹ قذافی کے خلاف عوامی تحریک ہو یا بحرین میں حماد بن عیسیٰ جیسے امریکی نمک خوار کے خلاف عوام کا قیام، یہ سب انقلاب اسلامی ایران کی تحریک کا نتیجہ ہے، جس نے لوگوں کے دل و دماغ سے امریکی غاصبانہ تسلط کے خلاف قیام کی راہ ہموار کی ہے اور اب انقلاب کی یہی بازگشت یونان، اور یورپی ممالک میں بھی سنائی دے رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ کی کامیاب مقاومت ہو یا حماس کی عظیم جدوجہد ہو، آج امت مسلمہ حقیقی اسلامی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے اور امریکا کی جانب سے صہیونی تحفظ کے لئے بنائی گئی خود ساختہ دیوار کو نابود کرنے کی طرف گامزن ہے، دنیا بھر کے مسلمان آزادی کی جانب گامزن ہو چکے ہیں اور بیداری ہی ان کا مقدر ہے اور اسلامی نطام دنیا کا مقدر بن چکا ہے۔
مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا کہنا تھا کہ تین معصوم پاکستانی شہریوں کے قاتل امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس پر چلائے جانے والا عدالتی مقدمہ عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے، مملکت خداداد کو امریکی سی آئی اے کی آماجگاہ نہین بننے دیں گے اس ملک کو بنانے کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا تھا، تاہم اس کی بقاء کی خاطر بھی لاکھوں جانوں کا نذرانہ دینے کے لئے تیار ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں موجود امریکی دہشت گرد سی آئی اے اور بلیک واٹر سے متعلقہ تمام امریکی جاسوس دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، پاکستانی قوم حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ اگر حکومت پاکستان نے امریکا کے خلاف جرات مندانہ اقدام کئے تو قوم حکومت کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اس موقع پر شرکائے ریلی نے صہیونی ایجنٹ قذافی پھانسی کا مطالبہ کیا اور امریکا کو خبر دار کیا کہ امریکا لیبیا کے وسائل پر قابض ہونے کی کوشش نہ کرے۔
شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر نصر اللہ شجیع، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ قاضی نورانی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پیدا ہونیوالی اسلامی بیداری کی تحریکیں امریکی گماشتوں سے نفرت کا برملا اظہار ہیں اور دنیا بھر کے عوام امریکی و صہیونی آلہ کاروں اور امریکیوں سے سخت نفرت کرتے ہیں، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت امریکی جاسوس اور سی آئی اے کے ایجنت ریمنڈ ڈیوس کو سخت سے سخت سزا دے اور اپنی خود مختاری پر کسی قسم کی آنچ نہ آنے دے، اس موقع پر رہنماؤں نے بحرین، یمن، لیبیا، سمیت دیگر ممالک میں جاری عوامی تحریکوں کو امریکا کی جانب سے ہائی جیک کئے جانے پر شدید غصے کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکا ناکامی سے دوچار ہو چکا ہے، اسی لئے شرافت کا لبادہ اوڑھ کر مظاہرین کو راہ راست سے منحرف کرنا چاہتا ہے جبکہ مسلم ممالک کے وسائل پر قابض ہونا چاہتا ہے، جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مصر میں امریکی ایجنٹ کی رخصتی کے بعد مصری فوج کی جانب سے عوامی بیداری کی تحریک کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازشیں رچائی جا رہی ہیں، جس پر امت مسلمہ سخت ایکشن لے گی، مصری افواج کو چاہئیے کہ انتخابات کے ذریعے اکثریت حاصل کرنے والی جماعت کو اقتدار منتقل کریں۔
اس موقع پر شرکائے ریلی نے امریکا اور غاصب صہیوی ریاست اسرائیل کے خلاف زبر دست نعرے بازی کی جبکہ بحرین، یمن، لیبیا، تیونس اور مصر سمیت دنیا بھر میں اٹھنے والی عوامی بیداری کی انقلابی تحریکوں کی حمایت میں پر جوش نعرے بلند کئے اور ریلی کے اختتام پر امریکی و صہیونی پرچم بھی نذرآتش کئے گئے۔

خبر کا کوڈ : 56797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش