0
Friday 7 Oct 2016 21:00

ملتان، 9 اور 10 محرم کو ضلع بھر میں ڈبل سواری پابندی ہوگی، ڈی سی او

ملتان، 9 اور 10 محرم کو ضلع بھر میں ڈبل سواری پابندی ہوگی، ڈی سی او
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر و ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کرنے کیلئے حکومت سے مکمل اختیارات حاصل ہیں۔ شرپسند عناصر اور مذہبی اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو امن و امان اور انٹیلی جنس کیلئے سکیورٹی ایجنسیوں اور پاک فوج کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔ تمام مسالک کے علمائے کرام نے ملتان میں مذہبی رواداری کو فروغ دینے اور باہمی اختلافات بھلا کر امن کا پیغام عام کرنے کا عہد کیا ہے۔ نادر چٹھہ نے کہا کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کی فضائی نگرانی اور خصوصی سکریننگ کی جا رہی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ٹی ہائوس میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ سی پی او ملتان احسن یونس، ڈی او سی زاہد اکرام، قاری حنیف جالندھر ی سمیت علمائے کرام اور ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی ریڈالرٹ رکھی گئی ہے۔ واک تھروگیٹ اور سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ چپے چپے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ یوم عاشورہ کے موقع پر تمام جلوسوں کے ساتھ رضا کار اور ضلعی افسران بھی ڈیوٹیا ں سرانجا م دینگے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ان ایام کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے اور کسی بھی واقعے کی تصدیق کئے بغیر سنسنی نہ پھیلائے۔ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی او احسن یونس نے کہا کہ اسلام محبت اور امن کا درس دیتا ہے۔ علمائے کرام امن کے قیام کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ ضلع ملتان میں 15 سو سے زائد مجالس اور متعدد ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں جن پر 4 ہزار کے قریب پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیس لائن میں خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں سے تمام سرگرمیوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان ایام میں نفرت انگیز مواد پھیلانے اور لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 573543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش