0
Sunday 27 Nov 2016 15:42

گرین لائن منصوبہ، کراچی میں ناظم آباد فلائی اوور گرانے کا کام شروع

گرین لائن منصوبہ، کراچی میں ناظم آباد فلائی اوور گرانے کا کام شروع
اسلام ٹائمز۔ گرین لائن منصوبے کے لئے ناظم آباد پل کو گرانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جب کہ بورڈ آفس کی طرف جانے والی ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرین لائن منصوبے کے لئے ناظم آباد پل کو گرانے کا کام شروع کردیا گیا ہے اور ہیوی مشینری کو بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی سی سینٹرل فرید الدین کا کہنا ہے کہ پل کو ڈائنا مائٹ کے ذریعے گرایا جائے گا جب کہ پل گرانے کا کام تقریباً دو سے تین ہفتے میں مکمل ہوگا۔ ڈی سی سینٹرل کا کہنا ہے کہ پل کا ملبہ ہٹانے کے بعد تقریباً 2 سے ڈھائی مہینے میں گرین لائن بس کے لئے ٹریک کی تعمیر کا کام مکمل ہوگا۔ ناظم آباد پل کو گرانے کے لئے بورڈ آفس کی طرف جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے جب کہ نارتھ کراچی اور حیدری کی طرف سے آنے والا ٹریفک پل کےساتھ سڑک سے ناظم آباد کی طرف نکالا جائے گا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر علی شاہ نے ناظم آباد فلائی اوور گرانے کے کام کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پل گرانے کا کام شروع کردیا گیا ہے، گرین لائن بڑا منصوبہ ہے، پل گرانے کے باعث شہریوں کو پریشانی ضرور ہوگی لیکن کوشش ہے کہ عوام کو کم سے کم تکلیف ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ملحقہ آبادی کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل روٹس بنائے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ ناصر علی شاہ کا کہنا تھا کہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل ہوگا، پہلے مرحلے میں ایک ٹریک جب کہ دوسرے مرحلے میں دوسرا ٹریک گرایا جائے گا اور اس عمل کے دوران جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 586942
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش