0
Wednesday 14 Dec 2016 23:36

ملی یکجہتی کونسل کا سندھ میں شراب کی فروخت کی اجازت اور کم عمری میں قبول اسلام پر پابندی کیخلاف مظاہرے کا اعلان

ملی یکجہتی کونسل کا سندھ میں شراب کی فروخت کی اجازت اور کم عمری میں قبول اسلام پر پابندی کیخلاف مظاہرے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے زیراہتمام سندھ میں شراب کی فروخت کی اجازت دینے اور کم عمری میں قبول اسلام پر پابندی کے خلاف 18 دسمبر کو لاہور میں مسجد شہداء مال روڈ پر عظیم الشان احتجاجی مظاہرے اور جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ منصورہ میں ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے صدر و امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں علی عمران شاہین، انور گوندل، رائو ظفر اقبال، قاری عطاء الرحمان، محمد فاروق چوہان، عبدالعزیز عابد، نوید زبیری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں مقصود احمد نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو سیکولر ریاست بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نام نہاد لبرل اور مادر پدر آزاد طبقہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دینی تشخص کو تباہ کرنا چاہتا ہے، لیکن پاکستان کے 20 کروڑ عوام لبرل طبقے کے ان مذموم اور ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا اور لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دے کر یہ عظیم وطن حاصل کیا تھا۔ امریکہ اور یورپی ممالک چاہتے ہیں کہ پاکستان میں مغربی کلچر فروغ پائے اور ہمارا فیملی سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے۔ پاکستان کی دینی و سیاسی جماعتیں مغربی ایجنڈے کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کو پنجاب سمیت پورے ملک میں فعال اور متحرک کیا جائے گا، تاکہ فرقہ واریت کا ملک سے خاتمہ کیا جا سکے۔ ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے پنجاب کے اندر اتحاد و یکجہتی کی فضاء کو پیدا کیا جائے گا۔ دین اسلام اخوت، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 591748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش