0
Monday 1 Jun 2009 10:40

زاہدان مسجد میں بم دھماکہ،ایران نے پاکستان کیساتھ اپنی سرحد غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دی

زاہدان مسجد میں بم دھماکہ،ایران نے پاکستان کیساتھ اپنی سرحد غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دی
کوئٹہ : کوئٹہ کے مقامی حکام نے بتایا ہے کہ ایران نے پاکستان کے ساتھی اپنی سرحد کو نامعلوم مدت تک کیلئے بند کر دیا ہے جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور لوگوں کی آمدورفت بھی بند ہو گئی ہے۔ ضلع چاغی کے ڈی سی او قمر مسعود کے مطابق تہران نے یہ اقدام اپنے جنوب مشرقی شہر زاہدان کی ایک مسجد میں بم دھماکے کے بعد اٹھایا ہے تاہم ان کے بقول ہمسایہ ملک نے طے شدہ معاہدے کے تحت سرحد کی بندش کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی۔ پاکستان کے سرحدی شہر تفتان کے نائب ناظم جلیل محمدانی نے ’’وائس آف امریکہ‘‘ کو بتایا کہ سرحد بند ہونے کے باعث سرحدی علاقوں کے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ ان کے بقول وہاں کے عوام روزمرہ استعمال اور خوراک کی اشیاء ایران سے منگواتے ہیں جو پاکستان کی نسبت سستی اور تازہ ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی اقدام سے سرحد پر تجارت بھی بند ہو گئی ہے جس سے نہ صرف تاجر طبقہ بلکہ مزدور پیشہ لوگ بھی شدید متاثر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ سرحد کے حوالے سے ایک مستقل حل نکالا جائے کیونکہ ایران آئے روز بلوچستان کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دیتا ہے جس سے ان علاقوں میں بسنے والے لاکھوں افراد مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔ ایران نے پاکستانی سفیر کو طلب کر کے مطالبہ کیا تھا کہ جند اللہ کے رہنما عبدالمالک ریگی کو گرفتار کر کے تہران کے حوالے کیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی سفیر نے ہمسایہ ملک کو یقین دلایا ہے کہ ان کے تحفظات سے اسلام آباد کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
آن لائن کے مطابق ایران میں متعین پاکستانی سفیر محمد بخش عباسی نے بعض اخباروں میں شائع ان خبروں کی تردید کی ہے کہ انہیں ایرانی وزارت خارجہ میں طلب کرکے زاہدان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ پر احتجاج کیا ہے۔ تہران میں سفارتخانہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ساتھ تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے انتہائی دوستانہ،گرمجوش تعلقات ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس حوالے سے شائع خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ علاوہ ازیں سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے چھ ایرانی دہشت گرد گرفتار کرکے ایران کے حوالے کر دئیے تاہم دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس حوالے سے کسی بھی پیش رفت پر لاعلمی کا اظہار کیا۔

خبر کا کوڈ : 5973
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش