0
Tuesday 2 Jun 2009 11:57

امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کی صدر،وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کی صدر،وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں
 اسلام آباد : امریکہ کی نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر ڈینس سی بلیئر گزشتہ روز وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ بعدازاں انہوں نے صدر آصف علی زرداری،  وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقاتیں کیں، جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ،خطے میں سکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان،امریکہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اے پی پی کے مطابق ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کو وسیع تر مارکیٹ رسائی فراہم کرے تاکہ انتہائی پسندی کے خلاف لڑنے کی استعداد کار کے ساتھ غربت اور بیروزگاری کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے۔ شدت پسندی کے خلاف جنگ کو سیاسی اہمیت حاصل ہے۔ جب کہ ڈینس سی بلیئر نے کہا کہ عالمی برادری شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔ آن لائن نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت کی طرف سے ڈرونز حملوں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا جب کہ صدر زرداری نے کہا کہ ڈرونز حملوں سے عوام میں امریکہ مخالف جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے، دہشت گردی کے اسباب ختم کرنے کے لئے پاکستان کی مدد کی جائے۔ جب کہ امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر نے پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ امریکہ دہشت گردوں کے خلاف پاکستان سے معلومات تبادلے کو بھی بڑھائے گا۔ امریکہ اور عالمی برادری مالاکنڈ میں آپریشن کی مکمل حامی ہے پاکستان کی امدادی جاری رکھیں گے۔ آئی این پی کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں ڈینس سی بلیئر نے کہا کہ ڈرون حملوں کے حوالے سے پاکستانی قیادت اور عوام کے جذبات سے آگاہ ہیں۔ خطے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کوششوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ آرمی چیف نے امریکی عہدیدار کو ڈرون حملوں کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

خبر کا کوڈ : 6039
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش