0
Monday 6 Mar 2017 14:37

کراچی پولیس کی کارروائی، لشکر جھنگوی کے سلیپر سیل کا امیر ہلاک اور 4 دہشتگرد گرفتار

کراچی پولیس کی کارروائی، لشکر جھنگوی کے سلیپر سیل کا امیر ہلاک اور 4 دہشتگرد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے علاقے کورنگی میں کارروائی کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی کے ایک دہشتگرد کو ہلاک اور 4 کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن کے ایک گھر پر چھاپہ مارا، اہلکاروں کو دیکھ کر گھر میں موجود دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشتگرد مارا گیا،جبکہ 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایس پی عمر شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ دہشتگردوں کے قبضے سے 500 کلو سے زائد بارود، خودکش جیکٹس اور راکٹ لانچر برآمد ہوئے ہیں، ہلاک اور گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے نعیم بخاری گروپ سے ہے، ہلاک دہشتگرد کی شناخت دلدار عرف چاچا کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج راجا عمر خطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد دلدار عرف چاچا ایک اور دہشتگرد اسحاق عرف بوبی کا چچا ہے، دلدار کالعدم تنظیم کے نعیم بخاری کی سلیپر سیل کا امیر تھا، دلدار نے ہی شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کے گھر پر حملے کیلئے خودکش بمبار کی گاڑی تیار کی تھی، اس کے علاوہ وہ پاک بحریہ کے اہلکاروں کی بس پر حملے سمیت دہشتگردی کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کیلئے مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 615506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش