0
Tuesday 5 Apr 2011 09:19

بےنظیر قتل میں سابق صدر کے ریڈ وارنٹ جاری ہو گئے، مشرف برطانیہ سے امارات آئیں تو ہمارے حوالے کیا جائے، رحمن ملک

بےنظیر قتل میں سابق صدر کے ریڈ وارنٹ جاری ہو گئے، مشرف برطانیہ سے امارات آئیں تو ہمارے حوالے کیا جائے، رحمن ملک
ابوظہبی:اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ شیخ سیف بن زید النیہان سے ملاقات کی اور ان سے دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر خوشگوار ماحول میں بات چیت کی۔ باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ رحمن ملک بینظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ملوث ہونے کے بارے میں ملنے والے بعض مصدقہ شواہد کی روشنی میں صدر آصف زرداری کا ابوظہبی کی قیادت کیلئے اہم پیغام لے کر گئے۔ ذرائع کے مطابق رحمن ملک نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے ملنے والے اہم شواہد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان انٹرپول کے ذریعے پرویز مشرف کو گرفتار کر کے پاکستان لانے کی کوششیں کر رہی ہے اور ریڈ وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں، اگر برطانیہ سے فرار ہو کر پرویز مشرف متحدہ عرب امارات میں پناہ لینے کی کوشش کریں تو انہیں پاکستان کے حوالے کیا جائے۔
وزیر داخلہ رحمن ملک گزشتہ روز نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بینظیر بھٹو قتل کیس کی خفیہ رپورٹ پیش کرنے کے بعد اچانک ابوظہبی گئے۔ دریں اثناء چوتھی سالانہ آئی ڈی ورلڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمن ملک نے کہا کہ دنیا کو عالمی نقل مکانی کے چیلنج کا سامنا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس چیلنج سے مئوثر انداز میں نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے، بائیومیٹرک سسٹم، سیکورٹی، سرحدی انتظام اور سماجی بہبود کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ پاکستان کی بارڈر سکیورٹی ایجنسیوں کی کاوشوں سے ملک کا مقام مزید بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ممالک کے درمیان نقل وحرکت، رقوم کی منتقلی سمیت مختلف معاملات پر بامقصد شراکت داری اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کے لئے تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 63219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش