0
Saturday 16 Apr 2011 12:43

سی آئی اے کا اپنا نیٹ ورک قائم ہے،آئی ایس آئی کی ضرورت نہیں، امریکہ

سی آئی اے کا اپنا نیٹ ورک قائم ہے،آئی ایس آئی کی ضرورت نہیں، امریکہ
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔امریکی اخبار کے مطابق سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ سی آئی اے نے فاٹا کے علاقے میں اپنا جاسوسی نیٹ ورک قائم کر لیا ہے اور اب اسے ڈرون حملوں کے لیے آئی ایس آئی کی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔ امریکی اخبار نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ دوسال میں سی آئی اے نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اپنا نیٹ ورک قائم کر لیا ہے اور اس کے اپنے خفیہ ذرائع ڈرون حملوں کے لیے اہداف کی نشاندہی کرتے ہیں، اس لیے اب آئی ایس آئی پر انحصار اور اس کی مدد کی ضرورت نہیں رہی ہے۔ ادھر غیرملکی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ورجینیا میں لیون پنیٹا اور احمد شجاع پاشا کے درمیان ہونے والے جاسوسی امور پر مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ سی آئی اے ڈرون حملوں پر مشاورت کرنا چاہتی تھی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ امریکا نے اس پر اتفاق کر لیا ہے کہ پاکستان کو ہر ڈرون حملے کی وضاحت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈرون حملوں میں کمی چاہتا ہے جو امریکا کے لیے ناقابل قبول ہے۔ 
امریکی حکام نے اس بات پربھی تشویش کا اظہار کیا کہ اسلام آباد امریکی اہلکاروں کو ویزے کے اجراء میں بھی تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے امریکی سفارت کاروں، جاسوسوں اور فوجی ٹرینرز کو معمول کی آمد ورفت میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ اس صورت حال میں ان کی تعداد میں کمی اور خطے میں شدت پسندوں کے خلاف ان کا آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 65601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش