0
Sunday 22 Oct 2017 21:27

خواجہ اظہارالحسن پر حملے میں ملوث انصار الشریعہ کے امیر سمیت 8 دہشتگرد مارے گئے، سندھ رینجرز

خواجہ اظہارالحسن پر حملے میں ملوث انصار الشریعہ کے امیر سمیت 8 دہشتگرد مارے گئے، سندھ رینجرز
اسلام ٹائمز۔ سندھ رینجرز کے کرنل فیصل عارف کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز رینجرز اور سی ٹی ڈی سے مقابلے میں کالعدم انصار الشریعہ کے امیر شہریار الدین سمیت 8 دہشتگرد مارے گئے، جو ایم کیو ایم کے رہنماء اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن پر حملے میں ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز کے کرنل فیصل عارف اور ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ عامر فاروقی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ رینجرز کے کرنل فیصل نے آپریشن میں مارے گئے دہشتگردوں کے بارے میں بتایا کہ گزشتہ رات مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، مقابلے میں انصار الشریعہ کا امیر اور تمام حملوں کے ماسٹر مائنڈ شہریار الدین کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم میں شامل ارسلان بیگ بھی مارا گیا، جو افغانستان میں القاعدہ سے تربیت یافتہ تھا اور تنظیم کیلئے فنڈز اکھٹے کرتا تھا۔ کرنل فیصل عارف کا کہنا تھا کہ انصار الشریعہ 12 سے 15 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد پر مشتمل گروہ تھا، جبکہ 2017ء میں پولیس اہلکار کا قتل انصار الشریعہ کی پہلی کارروائی تھی، جس کا ماسٹر مائنڈ عبداللہ ہاشمی کل رات کے آپریشن میں مارا گیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے بتایا کہ اطلاع تھی کہ دہشتگرد بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور خواجہ اظہار پر حملہ ان کا پہلا منصوبہ تھا، جو ناکام ہوا، اگر پولیس کی وردی میں یہ حملہ کامیاب ہو جاتا تو بڑا نقصان ہوتا۔ واضح رہے گزشتہ رات رئیس گوٹھ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کا دہشتگردوں سے مقابلہ ہوا، جس میں انصار الشریعہ کے امیر سمیت 8 دہشتگرد مارے گئے۔
خبر کا کوڈ : 678463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش