0
Wednesday 27 Apr 2011 13:12

آئی ایس آئی پر الزامات،پاک امریکا تعلقات خطرناک موڑ پر آ گئے، نجم سیٹھی

آئی ایس آئی پر الزامات،پاک امریکا تعلقات خطرناک موڑ پر آ گئے، نجم سیٹھی

کراچی:اسلام ٹائمز۔ ممتاز تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے آئی ایس آئی پر الزامات حکومت پاکستان، فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کیخلاف دباؤ بڑھانے کی مہم ہے، ان الزامات کے بعد پاک امریکا تعلقات خطرناک موڑ پر آگئے، امریکا مطلوبہ سپورٹ نہ ملنے پر فوج اور آئی ایس آئی پر دباؤ بڑھا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اب عوامی سہارا لے کر امریکا کیخلاف کھڑا ہونا چاہتا ہے، اوباما کو آئندہ انتخابات جیتنے کیلئے افغانستان میں کوئی نہ کوئی کامیابی ضروری ہے، افغان مسئلہ پر امریکا، کرزئی اور آئی ایس آئی اپنا اپنا گیم کھیل رہے ہیں، سرائیکی صوبہ بنا تو شاہ محمود قریشی وزیراعلیٰ کے مضبوط امیدوار ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ آج صبح میں نے ایک بہت ہی مایوس کن اور خطرناک خبر لندن کے اخبار گارڈین میں پڑھی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔ یہ امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ ہے۔ 2007ء سے لے کر اب تک گوانتاناموبے جہاں شدت پسندوں سے تفتیش کی جاتی ہے۔ وہاں 700 لوگوں سے تفتیش ہوئی اور انکی فائل وہاں لیک ہوئیں۔ خبر میں کہا گیا ہے آئی ایس آئی اس قسم کی دہشت گرد تنظیم ہے جیسا کہ حماس یا حزب اللہ۔ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ امریکا تیس تنظیموں کو دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے اور اس میں آج آئی ایس آئی کا نام بھی آ گیا ہے۔ گوانتا ناموبے میں جن شدت پسندوں سے تفتیش کی گئی انکا کہنا تھا کہ انکے آئی ایس آئی کے ساتھ روابط تھے۔ لگتا ایسا ہے کہ اب پاکستانی آرمی، حکومت اور انٹیلی جنس ایجنسیز پر دباؤ ڈالنے کی بھرپور امریکی مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری فوج کی لیڈر شپ اور آئی ایس آئی کی لیڈر شپ یہ مانتی ہے کہ ان کے لنک حقانی نیٹ ورک اور گلبدین حکمت یار اور کشمیر میں لڑنے والے جہادی گروپس کے ساتھ تھے مگر یہ کہ آئی ایس آئی افغان طالبان کو براہ راست امداد کر رہی تھی یہ ایک سنجیدہ الزام ہے۔ اب یہ ہو سکتا ہے کہ آئی ایس آئی کے مفاد امریکیوں کے مفاد کے بر عکس ہیں اور شاید امریکا اسی وجہ سے آئی ایس آئی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رہا ہے۔ اب لگتا ایسا ہے کہ امریکا کے اور پاکستان کے تعلقات ایک خطرناک موڑ پر کھڑے ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ میں نے آپ سے عرض کیا معاملہ بڑے خطرناک موڑ پر آ گیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 68201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش