0
Thursday 7 Dec 2017 23:06

ایم ڈبلیو ایم کا یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کیخلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

ایم ڈبلیو ایم کا یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کیخلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے قبلہ اول کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے اور وہاں امریکی سفارت خانہ کھولنے کا اعلان شرپسندی ہے، جس کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں ’’امریکہ و اسرائیل مردہ باد‘‘ مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا پایہ تخت قرار دینا امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ امریکی صدر کا اسلام دشمن متعصبانہ رویہ عالمی امن کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ امریکی صدر نے امت مسلمہ کے وقار پر حملہ کیا ہے، اس پر خاموش رہنا امت مسلمہ کی توہین ہے۔ عالمی قوانین کی اس پامالی پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں، طلبا تنظیموں اور ریاستی اداروں کو اپنی آواز بلند کرنا ہوگی۔ مسلمان ہونے کے ناطے بیت المقدس سے ہم سب کا مذہبی تعلق جڑا ہوا ہے۔ امریکہ اپنی ناجائز اولاد اسرائیل کا ہمیشہ دفاع کرتا آیا ہے۔ اس حمایت کی بنیاد اسلام دشمنی کے علاوہ اور کوئی نہیں۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی اسلام دشمن پالیسیوں میں اسے عرب مسلم ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے، جو افسوسناک ہے۔ عالم اسلام کی تنزلی عرب حکمرانوں کی خیانت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں اور بیت المقدس کے حوالے سے پاکستان کو واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنا چاہیے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ باقر نجفی رپورٹ نے ذمہ داروں کے چہرے سے نقاب ہٹا دیا ہے۔ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ کو فوری مستعفی ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس گردی کا شکار ہونے والوں کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں۔ ناصر شیرازی کے اغوا سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس اغوا میں پنجاب حکومت کے ماتحت ادارے ملوث ہیں۔
خبر کا کوڈ : 688445
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش