0
Saturday 9 Dec 2017 00:27

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرہ، امریکہ اور اسرائیل کیخلاف نعرے بازی

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرہ، امریکہ اور اسرائیل کیخلاف نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ دارالسلام دفتر جماعت اسلامی ملتان کلمہ چوک پر کیا گیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف محمود اخوانی، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی، نائب امراء جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر اورنگزیب، ڈاکٹر خالد رشید، شیخ منظور الہی، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی ملتان عبدالرحمان حیدری، ظفر اقبال ارائیں، مولانا محمود بشیر، حافظ محمد اسلم، مولانا انعام اللہ جامی اور دیگر کارکنان کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ القدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنا بین الاقوامی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے، امریکی صدر کی طرف سے اس طرح کے بیانات سے امریکہ کی اسلام اور امت مسلمہ سے دشمنی واضح ہو گئی ہے، امریکہ کی طرف سے یہ فیصلہ فلسطینی عوام اور امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ امریکہ ماضی میں بھی پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف زہر اُگلتا رہا ہے، اس بیان بازی سے اسرائیلی درندوں کی طرف سے فلسطینی عوام پر مظالم میں اضافہ ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کا صرف ایک ہی علاج ہے کہ پورا عالم اسلام فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لئے میدان میں آئے، مشترکہ آواز بلند کر کے اقوام متحدہ اور پوری دنیا کو بتایا جائے کہ پورا عالم اسلام امریکہ کے خلاف متحد ہے۔ تاکہ اقوام متحدہ مظلوم و محکوم فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیل کے مظالم سے نجات دلانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ وقت مسلم امہ کے اتحاد اور امریکی جارحیت کے خلاف آواز اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ اُمت مسلمہ قبلہ اول کے تحفظ کے لئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہیں، جبکہ امریکہ کی طرف سے مسلم اُمہ کے خلاف بیانات مسلمانوں کے لئے کھلا چیلنج ہے، جس کا راستہ روکنے کے لئے اُمت مسلمہ کو ایک جان ہونا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا یہ فیصلہ غیرذمہ دارانہ اور بلاجواز ہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی فی الفور امریکی فیصلہ کے حوالے سے اجلاس بلائے اور امریکہ کی اس سازش کو ناکام کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 688668
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش