0
Wednesday 4 May 2011 19:33

اسلام تقویٰ کے علاوہ کسی فرق کو ترجیح نہیں دیتا، شاہ تراب الحق

اسلام تقویٰ کے علاوہ کسی فرق کو ترجیح نہیں دیتا، شاہ تراب الحق
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات و آداب، معاشرتی زندگی کا حسن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صلہ رحمی، درگزر، معافی و معذرت اختیار کرنا عزت و شرافت کا باعث ہوتا ہے۔ گالی، فحش گوئی، لعنت و ملامت کو لوگوں نے معمول اور گفتگو کا حصہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فحش گوئی معاشرہ کا کینسر بن چکا ہے۔ زبان شر و فساد، دروغ گوئی و نفاق اور برائیوں کی جڑ ہے۔ زبان کی آفت کے باعث ہی انسان اپنے اعمال کو تباہ و برباد کرتا ہے۔ جھوٹی اور بری باتوں سے اجتناب اور خاموشی، تواضع اختیار کرنا بھی عبادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے النساء کلب گلشن اقبال میں جماعت اہلسنت کراچی کے زیر اہتمام ماہانہ درس قرآن کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع میں مولانا ابرار رحمانی، مولانا خلیل الرحمٰن چشتی، مولانا محمد رئیس قادری، قاضی نور الاسلام شمس، مولانا کامران قادری، محمد حسین لاکھانی، محمد احمد صدیقی، زاہد اشتیاق خان قادری، مولانا شوکت سیالوی، مولانا عباس رضا الباروی، مولانا عثمان قادری، مولانا عاشق سعیدی، مولانا عباس علی قادری، مولانا جمیل امینی، مولانا غلام مصطفیٰ قادری، الحاج سلیم الدین شیخ راجپوت، اسد جواد قادری، عرفان قادری، غفران قادری، وسیم قادری، حافظ سلمان قادری کے علاوہ علمائے کرام، عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے مزید کہا کہ اچھی نصیحت کو قبول کرنا اور اس پر عمل کرنا اللہ تعالٰی کو بے حد پسند ہے۔ تواضع یہ ہے کہ اچھی بات قبول کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی ایک دوسرے کیلئے اچھے کلمات ادا کرنے والے کو کامیاب و کامران کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی ابتری کا حال یہ ہے کہ ہماری معافی اتنی سستی ہے کہ راہ پر بھیک مانگنے والے سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہیں، اس کے برعکس اپنے بیوی بچوں، رشتہ داروں، دوستوں سے اپنی انا، غرور، تکبر، بڑے پن کی وجہ سے معافی و معذرت تو درکنار قطع تعلق کر لیتے ہیں۔ شاہ تراب الحق قادری نے کہا کہ اسلام تقویٰ کے علاوہ کسی فرق کو ترجیح نہیں دیتا۔ ایک دوسرے کے ساتھ تواضع و انکساری کی ہدایت دیتا ہے تاکہ انسان اچھے اوصاف اور اخلاق کو اپنائے۔ ایک دوسرے کے ساتھ تواضع و انکساری کامیابی کی کنجی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بندہ اپنا خود محاسبہ اور اللہ تعالٰی سے عہدِ وفا کر ے اور انتہائی عجز و انکساری کے ساتھ توبہ و استغفار کرے۔
خبر کا کوڈ : 69840
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش