0
Sunday 11 Mar 2018 20:16

سیاستدانوں پر جوتے اور سیاہی پھینکنا سیاسی طریقہ نہیں ہے، وزیر اطلاعات سندھ

سیاستدانوں پر جوتے اور سیاہی پھینکنا سیاسی طریقہ نہیں ہے، وزیر اطلاعات سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے جلسوں اور دیگر تقریبات میں سیاستدانوں پر جوتے اور سیاہی پھینکنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاسی طریقہ نہیں ہے، سینٹ الیکشن میں اگر پورے پاکستان کی جماعتوں کی فہرست سامنے رکھی جائے، تو پیپلز پارٹی کی فہرست میں 80، 90 فیصد ایسے امیدوار تھے، جو غریب کارکن تھے، ایم کیو ایم منتشر قومی موومنٹ ہوگئی ہے، جس کا سیاسی جماعتوں نے بھرپور فائدہ حاصل کیا، بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں، کچھ وقت میں فرق صاف نظر آئے گا، پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی اور ایک نئے انداز میں کام شروع کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے علاقے گمبٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ رکن سندھ اسمبلی ہو یا رکن قومی اسمبلی یا کارکن، ہم سب بلاول بھٹو زرداری کے سپاہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر رکن سازی مہم شروع کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت اجلاس میں اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں، جس نے غلط اعداد و شمار ظاہر کئے، ان سے سخت پوچھ گچھ ہوگی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سیاسی کارکن ہو یا صحافی، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، کوئی بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام پریس کلبوں کو فنڈز دیئے جا رہے ہیں، جس پریس کلب نے درخواست کی ہے، اس کو فنڈ جاری ہو رہے ہیں، کیونکہ صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی میں خطرناک جگہوں پر جا کر اپنا کام کرتے ہیں، جس کیلئے سندھ حکومت نے پہلے مرحلے میں ڈویژن سطح پر ہیلتھ کارڈ کا اجراء شروع کیا ہے اور بعد میں ضلعوں اور دیگر شہروں کے صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ اس سے قبل سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی میں اپنی رہائش گاہ پر عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے، جبکہ ناصر حسین شاہ نے روہڑی میں صحافی امداد علی میرانی کی والدہ کی وفات پر ان کے گھر پہنچ کر ان سے تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔
خبر کا کوڈ : 710755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش