0
Monday 26 Mar 2018 09:54

نظام مصطفی (ص) نافذ کئے بغیر ملک کی تقدیر نہیں بدل سکتی، قاری زوار بہادر

نظام مصطفی (ص) نافذ کئے بغیر ملک کی تقدیر نہیں بدل سکتی، قاری زوار بہادر
اسلام ٹائمز۔ جامعہ صفۃالاسلامیہ صوئے آصل لاہور میں مسجد ابوہریرہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ پاکستان ان شاءاللہ صبح قیامت تک قائم رہے گا اور اس کو توڑنے اور صفحہ ہستی سے مٹانے کا خواب دیکھنے والے خود نیست ونابود ہو جائیں گے، اللہ تعالٰی نے برصغیر کے مسلمانوں کو یہ وطن رسول اکرم (ص) کے طفیل عطاء فرمایا تھا، ان شاءاللہ اس کے دشمن ناکام ہوں گے اور یہ وطن دنیا کے نقشے پر ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کی باگ ڈور ایسے ہاتھوں میں رہی جو اس کی قدر و منزلت کو نہیں جانتے تھے، ہمارے بزرگوں نے اس کے حصول کیلئے اس لئے قربانیاں دی تھیں کہ یہاں رسول اللہ (ص) کا نظام نافذ ہوگا اور یہ روئے زمین پر ایک اسلامی فلاحی ریاست ہوگی مگر حکمرانوں نے اس کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ کر اس کو ایسا نوچا کہ آج یہ جگہ جگہ سے زخم خوردہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو عہد کرنا چاہیئے کہ ہم وطن عزیز کی عزت و ناموس، اس کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں کسی قسم کا کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی سپریم کورٹ کیخلاف سازشوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، معزز جج صاحبان کو ملک و قوم کیلئے مفید فیصلے کرنے کی سزا دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے، حکمرانوں نے ملک کی سب سے بڑی عدالت کیخلاف سازشوں کا جال بننا شروع کر دیا ہے، اس مقدس ادارے کیخلاف سازشوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی بقاء اور ترقی کا دارومدار نفاذ نظام مصطفےٰ (ص) میں مضمر ہے، جب تک رسول اللہ (ص) کا نظام رحمت اس ملک میں نافذ نہیں ہوتا ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی، بحیثیت قوم ہم نے اللہ اور اس کے رسول سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 713904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش