0
Friday 20 Jul 2018 22:21

خلائی مخلوق انتخابی مہم چلانے نہیں دے رہی جبکہ لاڈلے کی جماعت کو آزادی حاصل ہے، شاہ محمد شاہ

خلائی مخلوق انتخابی مہم چلانے نہیں دے رہی جبکہ لاڈلے کی جماعت کو آزادی حاصل ہے، شاہ محمد شاہ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن نہیں سلیکشن ہو رہے ہیں، خلائی مخلوق ہمیں انتخابی مہم چلانے نہیں دے رہی جبکہ لاڈلے کی جماعت کو مکمل آزادی حاصل ہے، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں، ہماری دوسری تمام جماعتوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ الیکشن کا بائیکاٹ نہ کریں اور حالات کا مقابلہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سندھ کے صدر نذیر جان نے این اے 249 کے حلقہ میں اپنے امیدوار کو مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کے حق میں بیٹھانے اور کراچی کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما سلیم ضیاء، خواجہ طارق نذیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ طاقتور قوتیں کیا کر رہی ہیں اور کیا چاہتی ہیں یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، جس طرح کے الیکشن 25 جولائی کو ہونے جارہے ہیں یہ ڈارامہ ملک میں 70 سالوں سے ہورہا ہے، الیکشن کے نام پر کھیل تماشہ کیا جاتا ہے، خلائی مخلوق کی جانب سے ہماری انتخابی مہم کے دوران رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، ہمارے بینرز اور جھنڈے اتارے جارہے ہیں اور ہمارے امیدواروں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے، نگراں حکومت تماشہ دیکھ رہی ہے، ہمارے ہاتھ پاں باندھے جارہے ہیں، کالعدم جماعتوں انتخابات لڑنے اور کھل کر الیکشن مہم چلانے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، لاہور ایئرپورٹ پر نواز شریف کی آمد کے موقع پر پیمرا نے نواز شریف کے استقبال کے لئے نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء کو روک دیا اور انہیں ایئرپورٹ نہیں جانے دیا گیا، جبکہ پیمرا نے میڈیا کو اس ریلی کی کوریج نہیں کرنے دی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام جمہوری قوتیں ایک پلیٹ فارم پر آجائیں اور کسی بھی جماعت کی جانب سے الیکشن کا بائیکاٹ نہ کیا جائے، ہم بلاول بھٹو کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ نہ ہونے والی ناانصافی پر بیان دیا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمد شاہ نے کہا کہ انتظامی یونٹ کے نام پر ہمیں سندھ کی تقسیم منظور نہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جو لوگ سندھ کی تقسیم کی بات کر رہے ہیں وہ سندھ کے غدار ہیں، اگر انتظامی یونٹ کے حق میں جی ڈی اے کے رہنما اور تحریک انصاف کے رہنما بات کر رہے ہیں تو یہ بات ان سے پوچھی جائے کہ وہ سندھ کے خلاف یہ کیوں کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 21 جولائی کو کراچی نہیں آرہے، جلسہ سیکیوریٹی مسائل کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے صدر نذیر جان نے کہا کہ ہماری پارٹی کے اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم کراچی کی تمام نشستوں پر انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کریں گے اور کراچی کے حلقہ این اے 249 سے مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کے حق میں اپنا امیدوار بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے عوام کی حاکمیت اور جمہوریت اہم ہے، موجودہ حالات میں تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 739095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش