0
Tuesday 21 Aug 2018 18:43

مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کیخلاف مشترکہ آواز اٹھائیں، صاحبزادہ حامد رضا

مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کیخلاف مشترکہ آواز اٹھائیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کیخلاف مشترکہ آواز اٹھائیں، ہالینڈ کی حکومت توہین رسالت کے مجرموں کو اسلامیان عالم کے جذبات مجروح کرنے سے روکے، مغرب میں آذادی اظہار کے نام پر گستاخانہ کلچر پھیلایا جا رہا ہے، پیغمبر اسلام کی عزت و ناموس پر حملے ناقابل برداشت ہیں، عید کے اجتماعات میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کیا جائے گا، مسلم ممالک متحد ہو کر ہالینڈ کا سفارتی و تجارتی بائیکاٹ کریں، اقوام متحدہ انسداد توہین رسالت کیلئے موثر قانون سازی کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کی مقدس شخصیات کی توہین کو سخت ترین جرم قرار دیا جائے، گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے کا اعلان دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے عقیدے اور ایمان پر حملہ ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ او آئی سی گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کرے، ناموس رسالت کا تحفظ ایمان کی بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں علماء کے احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف متفقہ قراردادوں کی منظوری اسلامیان پاکستان کے جذبات کی ترجمانی ہے، حکومت کا ہالینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے احتجاج کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر عالمی احتجاج کیلئے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کریں، گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے والے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مجرم اور انتہا پسند ہیں، خاکوں کی نمائش نہ روکی گئی تو دنیا بھر میں ہالینڈ کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جائے گی اور ہالینڈ کے ہر سفارتخانے کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، ہم ناموس رسالت کے تحفظ کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، توہین رسالت کے واقعات روکے نہ گئے تو عالمی امن برقرار نہیں رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 745768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش