0
Sunday 16 Sep 2018 19:28
وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس

حکومت کی اولین ترجیح امن کا مستقل قیام ہے، وزیراعظم عمران خان

اجلاس میں آئی جی سندھ کی امن و امان اور ڈی جی رینجرز کی کراچی آپریشن سے متعلق بریفنگ
حکومت کی اولین ترجیح امن کا مستقل قیام ہے، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کا مستقل قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ امن کے بغیر مستحکم معیشت کا ہدف پورا نہیں کیا جا سکتا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، چیف سیکرٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم سیلمان خان، کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی سندھ سید کلیم امام، سیکرٹری داخلہ سندھ عبدالقادربلوچ اور دیگر سینئر حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، آئی جی سندھ نے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی اور ڈی جی رینجرز نے کراچی میں آپریشن سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی آپریشن سے جرائم میں 90 فیصد کمی آئی۔ اس موقع پر سندھ پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور یہ سب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے ممکن ہو سکا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح امن کا مستقل قیام ہے، کیونکہ امن کے بغیر مستحکم معیشت کا ہدف پورا نہیں کیا جا سکتا، کراچی پاکستان کا معاشی دارالخلافہ ہے، حکومت امن و امان کیلئے صوبے کی معاونت جاری رکھے گی، وفاق، صوبائی اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بہتر رابطے ضروری ہیں، رابطوں سے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتری ہوگی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم مزار قائد پہنچے، جہاں انہوں نے حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ وزیراعظم نے لیاقت علی خان اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 750437
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش