0
Sunday 17 Feb 2019 20:43

بن سلمان پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان نے استقبال کیا

بن سلمان پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان نے استقبال کیا
اسلام ٹائمز۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ محمد بن سلمان کے نور خان ائر بیس پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ جب سعودی ولی عہد کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر اور ایف 16 طیاروں نے طیارے کو سکیورٹی حصار میں لے لیا۔ طیارے کی لینڈنگ کے بعد محمد بن سلمان نے عمران خان سے مصافحہ کیا، انہیں بچوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ انہیں 21 توہوں کی سلامی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کابینہ کے اراکین نور خان بیس پہنچے جہاں انہوں نے سعودی شہزادے کا استقبال کیا۔ اس سے قبل سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر بھی پاکستان پہنچے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نور خان ائربیس پر اپنے سعودی ہم منصب کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ہم منصب سےموجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا، کل ان کے ہمراہ پریس کانفرنس کروں گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کاافتتاح ہوگا، اجلاس کے بعد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ آج وزیراعظم عمران خان نے سعودی جریدہ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ  ہم پاکستان سعودی عرب کو عالمی سطح پر طاقتور ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے پرپاکستانی قوم انتہائی خوش ہے۔ ہم سعودی ولی عہد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ محمد بن سلمان کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔ بن سلمان کے پاکستان پہنچنے سے قبل  سعودی عرب سے کئی وفود پاکستان آئے، گزشتہ رات  الباز نوبیرک کی قیادت میں 172 افراد پر مشتمل سعودی وفد ریاض سے سعودی ائر لائن کی پرواز ایس وی 7393 سے نور خان ائر بیس پہنچا تھا۔ اس سے قبل  ریاض سے محمد بن سلمان کے قریبی ساتھیوں پرمشتمل 11 رکنی اور 19 رکنی وفد خصوصی طیاروں کے زریعے پاکستان پہنچے تھے۔ سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل نور خان ایئر بیس، اسلام آباد اور اطراف میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ 
خبر کا کوڈ : 778558
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش