0
Monday 13 Jun 2011 00:28

دہشت گردی کا سر کچلنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا، شہباز شریف

دہشت گردی کا سر کچلنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا، شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا سر کچلنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور ملک کو کمزور کرنے والے دشمنوں کا پوری قوت سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم ظالمانہ نظام سے جان چھڑا کر ملک میں اسوہ حسنہ اور میثاق مدینہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایسا عادلانہ نظام قائم کریں جہاں وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو، انصاف کا بول بالا ہو اور ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ علمائے کرام سے اپیل ہے کہ وہ اس نازک موڑ پر ملک کی سالمیت اور بقاء کے لئے آگے آئیں اور قوم کو متحد کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ بقائے پاکستان کے اس اہم مقصد کے لئے میری خدمات حاضر ہیں۔ وہ جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو میں مفتی ڈاکٹر سرفراز حسین نعیمی کی دوسری برسی کے موقع پر ”شہید پاکستان سیمینار“ سے خطاب کر رہے تھے جس میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، جامعہ نعیمہ سے فارغ التحصیل و رکن پارلیمنٹ جنوبی افریقہ پیر سید رفیق حسین شاہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، مشائخ عظام و علمائے کرام، دانشوروں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جامعہ نعیمیہ کے مہتمم ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے دہشت گردی کا سامنا ہے جس نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور 35 ہزار سے زائد معصوم پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان اور پولیس کے 5 ہزار افسران و جوان اور ان کے بچے بھی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ دہشت گردی کی آگ چاروں اطراف پھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا اور انصاف کا بول بالا، معاشی و معاشرتی ناانصافی کا خاتمہ اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ کی چوکھٹ پر تو تمام نعمتیں سلام کرتی ہیں لیکن 85 فیصد آبادی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے۔ یہ وہ پاکستان نہیں ہے جس کا خواب قائداعظم اور شاعر مشرق نے دیکھا تھا اور جس کے لئے لاکھوں قربانیاں دی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلامی تعلیمات کو فراموش کر دیا، جس کی وجہ سے آج ہم مصائب میں گھرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم نبی آخرالزمان (ص) کے بتائے ہوئے راستے کو نہیں اپنائیں گے، اس وقت تک اپنی منزل کبھی حاصل نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام کا گہوارہ بنانے کے لئے اغیار کی ایسی بھیک کو ٹھکرانا ہو گا جو پاکستانیوں کے خون میں بھیگی ہو اور ملک کی عزت و توقیر کو خاک میں ملاتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اغیار کی ایسی بھیک کو ٹھکرانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے، جس سے ملک کی عزت و توقیر پر آنچ آتی ہو۔
انہوںنے کہا کہ کوئی محب وطن پاکستانی اغیار کے چند ٹکڑوں کے عوض ملک کی عزت کو خاک میں ملانے اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کو کیسے برداشت کر سکتا ہے؟ اغیار کی بھیک سے کبھی قومیں خوشحال نہیں ہوتیں، ہمیں اپنے وسائل کو ترقی دے کر اور سادگی کو اپنا کر آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 63 سالہ تاریخ میں ڈالروں کا مزا اشرافیہ نے چکھا ہے اور اب قربانی بھی اسی طبقے کو دینا ہو گی۔
وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر سرفراز حسین نعیمی کی علمی اور دینی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر سرفراز نعیمی نے استحکام پاکستان، ملت کی وحدت اور اسلامی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سرفراز حسین نعیمی کی شہادت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ جب تک ان کے قاتل گرفتار نہیں ہوتے اور قرار واقعی سزا نہیں پاتے، میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جس طرح دیگر تعلیمی اداروں کے ہونہار اور مختلف امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ شروع کیا ہے، اسی طرح مدارس میں جدید علوم کی تعلیم میں بہتر کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ مدارس کے طلباء و طالبات میں بھی جدید علوم حاصل کرنے کا جذبہ پیدا ہو۔
سیمینار سے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، پیر سید رفیق شاہ، حاجی محمد رفیق احمد برکاتی اور سہیل وڑائچ نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 78414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش