1
Saturday 23 Mar 2019 12:00

یوم پاکستان ایک وعدے کی پہچان کا دن ہے، محمد حسین اکبر

یوم پاکستان ایک وعدے کی پہچان کا دن ہے، محمد حسین اکبر
اسلام ٹائمز۔ سرپرست اعلیٰ ادارہ منہاج الحسین لاہور اور سربراہ تحریک حسینیہ پاکستان ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے لاہور میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ یوم پاکستان تاریخ کا ایک سازگار دن ہے۔  یہ دن ایک وعدے کی پہچان کا دن ہے اور وہ پہچان ہے ایک دھڑکن جو اس قوم کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھڑکن محبت اور یقین ہے، اور یہی محبت اور یقین ہمارے ملک اور ہماری قوم کو عظیم  بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم زندہ قوم ہیں اور زندہ قومیں اپنے ایام تزک و احتشام سے مناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج کے دن تجدید عہد کرتے ہیں کہ وطن کی حرمت اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رہتی دنیا تک کیلئے قائم ہوا ہے اور اس کی ہر دشمن کے ناپاک عزائم ہم مٹی میں ملا دیں گے۔ علامہ محمد حسین اکبر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا، پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے جس پر اسے سبکی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی دنیا کے امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، افغانستان میں امن پاکستان میں دائمی امن کیلئے ناگزیر ہے، افغانستان کے عوام طویل جنگ سے نجات چاہتے ہیں، امن کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری ملک ہونے کے ناطے پاکستان مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، پاکستان پرامن بقائے باہمی کے اصول پر یقین رکھتا ہے، خطے کو امن کی ضرورت ہے، جنگ کی نہیں، تلخیوں کو ختم  کرکے خطے میں خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور خطے کا امن داو پر نہ لگائے۔ انہوں نے حکومت کی موجودہ پالیسیوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جاندار موقف سے پاکستان کی امن پسندی کو عالمی سطح پر منوایا ہے اور آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں وطن کی حرمت کیلئے ہمیشہ تیار رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 784743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش