اسلام ٹائمز۔ حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو 15 گھنٹے سے زائد گزر گئے ہیں تاہم اب تک مکان کو کلئیر نہیں کیا جاسکا۔ پشاور پولیس نے گذشتہ رات انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر حیات آباد میں واقع 3 منزلہ مکان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی، آپریشن کے دوران مکان میں موجود دہشت گردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں اب تک ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف اس آپریشن میں پولیس کو سکیورٹی فورسز کی مدد بھی حاصل ہے۔ عمارت کے نیچے کے دونوں حصے کلیئر کردیئے گئے ہیں اور اوپر کے حصے میں دہشت گردوں کی مزاحمت جاری ہے۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ ایس ایس پی آپریشن اور سی سی پی او پشاور بھی آپریشن زون میں موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ حیات آباد فیز 7 میں ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، پولیس موقع پر پہنچی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، پولیس نے گھر کو گھیرے میں لے کر علاقے کا محاصرہ کرلیا، اطلاعات ہیں کہ 6 سے 7 دہشت گرد گھر میں موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے، پولیس کے اور فورسز کے مکان میں داخل ہونے پر دوبارہ فائرنگ کی گئی اور 3 راکٹ لانچر فائر کئے گئے جواب میں پولیس نے آر پی جی سیون راکٹ لانچر بھی فائر کیا ہے۔