0
Tuesday 16 Apr 2019 13:37

پشاور، دہشت گردوں کے خلاف 15 گھنٹوں سے آپریشن جاری

آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک، ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے
پشاور، دہشت گردوں کے خلاف 15 گھنٹوں سے آپریشن جاری
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو 15 گھنٹے سے زائد گزر گئے ہیں، تاہم اب تک مکان کو کلئیر نہیں کیا جا سکا۔ پشاور پولیس نے گذشتہ رات انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر حیات آباد میں واقع 3 منزلہ مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی، آپریشن کے دوران مکان میں موجود دہشت گردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں اب تک ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف اس آپریشن میں پولیس کو سکیورٹی فورسز کی مدد بھی حاصل ہے۔ عمارت کے نیچے کے دونوں حصے کلیئر کردیئے گئے ہیں اور اوپر کے حصے میں دہشت گردوں کی مزاحمت جاری ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ ایس ایس پی آپریشن اور سی سی پی او پشاور بھی آپریشن زون میں موجود ہیں۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حیات آباد فیز 7 میں ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، پولیس موقع پر پہنچی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، پولیس نے گھر کو گھیرے میں لے کر علاقے کا محاصرہ کرلیا، اطلاعات ہیں کہ 6 سے 7 دہشت گرد گھر میں موجود ہیں۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے، پولیس کے اور فورسز کے مکان میں داخل ہونے پر دوبارہ فائرنگ کی گئی اور 3 راکٹ لانچر فائر کئے گئے جواب میں پولیس نے آر پی جی سیون راکٹ لانچر بھی فائر کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 788911
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش