0
Wednesday 15 Jun 2011 09:11

ترکی میں جسٹس پارٹی کی کامیابی عالمی اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، محمد حسین محنتی

ترکی میں جسٹس پارٹی کی کامیابی عالمی اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ ترکی میں تیسری مرتبہ اسلام پسند جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی تاریخی کامیابی پر ترک عوام سے اظہاریکجہتی اور دوگانہ تشکر کی ادائیگی کے لیے جماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں نماز شکرانہ ادا کی جائے گی۔دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے ترکی کے حالیہ انتخابات میں اسلام پسند جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کی بھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ کامیابی کو عالمی اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی میں ہر دوسرے شخص نے طیب اردگان کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرتے ثابت کر دیا ہے کہ دیگر اسلامی ممالک کی طرح ترکی کے عوام بھی اپنے ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے آرزو مند ہیں۔ اسلام پسندوں کی تاریخی کامیابی نے ترکی میں سیکولرازم کے علمبرداروں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے اور ترکی کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک میں کمال اتاترک کا سیکولر نظام نہیں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی دگرگوں صورتحال میں ترکی میں اسلامی جماعت کی کامیابی خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے اور جو ہوا ترکی سے چلی ہے وہ پوری دنیا میں حبس کی فضاء کو تحلیل کر کے عالمی اسلامی انقلاب کی نوید ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس پارٹی نے اپنی بالغ نظری اور دوراندیشی سے جس طرح ترکی کے کھوئے ہوئے مقام کو بحال کیا ہے وہ پوری دنیا کی اسلامی تحریکوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ 1924 میں خلافت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد ترکی جس لادینیت کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا ایک صدی بعد جسٹس پارٹی نے ترکی کو اس دلدل سے نکال کر اس کے اصل مقام پر پہنچا دیا ہے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان میں بھی جب بھی آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے تو یہاں کے عوام بھی اپنا ووٹ اسلام کے حق میں استعمال کریں گے۔ انہوں نے ترکی کے عوام کیلئے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 78930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش