0
Friday 19 Apr 2019 13:29

علامہ عبدالخالق اسدی مجلس وحدت مسلمین سنٹرل پنجاب کے سربراہ منتخب

علامہ عبدالخالق اسدی مجلس وحدت مسلمین سنٹرل پنجاب کے سربراہ منتخب
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سنٹرل پنجاب کے صوبائی انٹرا پارٹی الیکشن لاہور میں منعقد ہوئے۔ انتخابات میں علامہ عبدالخالق اسدی اگلے 3 سال کیلئے بھاری اکثریت سے ایم ڈبلیو ایم سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں سنٹرل پنجاب کے 26 اضلاع کے سیکرٹری جنرلز و ڈپٹی سیکرٹری جنرلز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نو منتخب سیکرٹری جنرل سنٹرل پنجاب سے حلف لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں امن و امان کی حقیقی بحالی کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کو یقینی بنایا جائے، کالعدم جماعتوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف موثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور پنجاب سے لاپتہ بیگناہ افراد کو بازیاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بیلنس پالیسی کے تحت ہمارے درجنوں پڑھے لکھے پُرامن جوانوں اور معزز افراد کو شیڈول فور جیسے کالے قانون کے تحت ہراساں کیا جا رہا ہے، جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ ہم ان شاء اللہ ہر مظلوم کے حامی رہیں گے، خواہ وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو اور ہر ظالم کیخلاف رہیں گے، خواہ وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 789460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش