0
Monday 2 Sep 2019 16:22

کلبھوشن جادھو سے بھارتی قونصلر کی ملاقات

کلبھوشن جادھو سے بھارتی قونصلر کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ بھارتی قونصلر نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو سے ملاقات کی۔ ذرائع دفتر خارجہ کا بتانا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کلبھوشن جادھو سے تقریباً دو گھنٹے تک سب جیل میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل کرنے کا پابند ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو 2 ستمبر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم عمران خان کی کشمیر کی آواز پر یکجا ہے، کشمیر آور میں پوری قوم نے ہمارا ساتھ دیا، ہماری کوشش ہے کہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھایا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ جنگ آخری آپشن ہوتاہے اور کوئی باشعور ملک یا طبقہ جنگ سےگفتگو کا آغاز نہیں کرتا، ہم پرامن ملک ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جنگ مسلط کی تو اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، مجھے مذاکرات کا کوئی ماحول دکھائی نہیں دے رہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھی بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کو ویانا کنونشن، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور پاکستانی قوانین کے مطابق 2 ستمبر کو قونصلر رسائی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبوشن جادھو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی کرنے پر حراست میں ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی تھی۔
خبر کا کوڈ : 814072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش