0
Monday 16 Dec 2019 19:59

لاہور، تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شہدائے اے پی ایس کی یاد میں دعائیہ تقریب

اے پی ایس پشاور کا المناک سانحہ ناقابل فراموش ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
لاہور، تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شہدائے اے پی ایس کی یاد میں دعائیہ تقریب
اسلام ٹائمز۔ قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آج ہم دکھی دلوں کے ساتھ سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کی 5ویں برسی منا رہے ہیں، اے پی ایس پشاور کا المناک سانحہ ناقابل فراموش ہے، نونہالوں کی قربانی کے صدقے قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہوئی اور کافی حد تک دہشتگردی کے ناسور سے نجات ملی، اللہ تعالیٰ شہید بچوں کے درجات بلند اور ان کے والدین کو اجر عظیم عطاء کرے۔ پوری قوم سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کے والدین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فوجی آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردی کنٹرول ہوئی تاہم اسے جڑ سے کاٹنے کیلئے 20نکات پر مشتمل قومی ایکشن پلان کی ہر شق پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی تنگ نظری اور انتہا پسندی کے تصورات سے جنم لیتی ہے، تاحال نصاب کو تبدیل کیا گیا اور نہ ہی فروغ امن نصاب کی ترویج کی گئی۔ ذمہ دار اس حوالے سے کوتاہی نہ کریں۔

دریں اثناء منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں کیلئے گوشہ درود میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ دعائیہ تقریب میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، شہزاد رسول و دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی اور ملک و قوم کے استحکام کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان نے جرأت مندانہ کردار ادا کیا، سانحہ اے پی ایس کے بعد افواج پاکستان اور قوم نے یکسو ہو کر دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کو دائمی بنانے کیلئے عصری ضروریات کے مطابق نصاب تعلیم تیار کرنے کیساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے فلور پر منظور کیے جانیوالے 20 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد بھی کرنا ہوگا۔ دہشتگردی کی مذموم کارروائیاں کم ضرور ہوئیں مگر ختم نہیں ہوئیں۔
خبر کا کوڈ : 833123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش