0
Monday 9 Mar 2020 20:27

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستان کو فائدہ پہنچنے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستان کو فائدہ پہنچنے کا امکان
اسلام ٹائمز۔ تیل کی عالمی قیمتوں میں 30 فی صد کمی، پاکستان کو بڑے معاشی فوائد کا امکان ہے۔ سعودی عرب نے پیدوار میں کمی سے متعلق روس سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا۔ کرونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر معاشی سست روی اور تیل کی طلب کم ہونے کے بعد گزشتہ دنوں تیل کے پیدواری ممالک کی تنظیم اوپیک اور روس کے مابین قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے مذاکرات کا آغاز ہوا۔ خام مال کا سب سے بڑا برآمد کنندہ سعودی عرب پیداوار میں کمی چاہتا تھا تاہم روس نے یہ تجویز ماننے سے انکار کر دیا۔ پیر کو سعودی عرب نے تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی اور اپریل میں پیداوار ایک کروڑ بیرل یومیہ کرنے کا اعلان کیا۔ اس اقدام سے عالمی مالیاتی منڈیوں کو بڑا دھچکا پہنچا۔

سعودی عرب کے اس اقدام سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 1991ء کی خلیجی جنگ کے بعد سب سے  بڑی کمی واقع ہوئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 28 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس کے مابین تیل کی قیمتوں پر جاری اس کشیدگی سے تیل کے بڑے برآمد کنندہ ممالک کو فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کی سالانہ درآمدات میں 26 فی صد حصہ پیٹرولیم مصنوعات کا ہے۔ امریکی مالیاتی ادارے گولڈمین کے مطابق خام مال کی قیمتوں میں 20 ڈالر فی بیرل تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔ اس صورت میں پاکستان کی تیل کی درآمدات میں کی جانے والی ادائیگیوں میں بھی بڑی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں کی کمی کے حالیہ رجحان سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2.8 ارب ڈالر تک کی بہتری آسکتی ہے، جو کہ موجودہ جاری کھاتوں کے خسارہ کا نصف بنتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 849358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش