0
Wednesday 27 May 2020 20:51

یوم تکبیر کل قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا

یوم تکبیر کل قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کے 22 برس مکمل ہونے پر ملک بھر میں کل (جمعرات) ”یوم تکبیر“ ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے علامتی طور پر مرکزی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ملک بھر میں کارکنوں کو گھروں میں رہ کر حفاظتی ایس او پیز کے ساتھ کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 22 برس قبل 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں چاغی کے مقام پر بھارت کی جانب سے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کر کے دنیا بھر میں ساتویں ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس دن کو خاص نام دینے کیلئے عوام سے رائے طلب کی گئی تھی اور ہزاروں موصول ہونیوالے ناموں میں سے ”یوم تکبیر“ کو منتخب کیا گیا تھا۔

یوم تکبیر کے حوالے سے لاہور کے علاقے نصیرآباد میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیراہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ایم ایس ایف کے مرکزی صدر رانا ارشد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ارشد کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر پاکستان کی عظمت کا دن ہے، جس دن میاں نواز شریف نے تمام بیرونی دباو بالائے طاق رکھ کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا تھا۔ رانا ارشد نے کہا کہ تبدیلی سرکار بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور پوری پاکستانی قوم میاں نواز شریف کی طرف دیکھ رہی ہے کہ وہی اقتدار میں آ کر ملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے اور اس حوالے سے نیب کو بطور ٹول استعمال کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 865088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش