0
Monday 27 Jul 2020 23:22

ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی گورنر بلوچستان امان اللہ سے ملاقات

ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی گورنر بلوچستان امان اللہ سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے ایک وفد کے ہمراہ گورنر بلوچستان امان اللہ یاسینزئی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ ولایت حسین جعفری اور سید جہان علی شاہ بھی شامل تھے۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین کی علمبردار محب وطن جماعت ہے۔ محرم الحرام کے لئے مجلس وحدت کی جانب سے ہر سطح پر عزاداری کونسلز تشکیل دی گئی ہیں، ایام عزا کے دوران ہمارے کارکن اور رضاکار قیام امن کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ سیکورٹی کے مسائل پر توجہ دی جائے، عید قربان سمیت مختلف اجتماعات میں ایس او پی کو فالو کیا جائے، حکومت علمائے کرام کے ساتھ مل کر وبا پر کنٹرول کے لئے عوام کو رضاکارانہ طور پر آمادہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ علمدار روڈ کے شہریوں کو پارک کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں حکومت کو توجہ دینی چاہئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر امان اللہ یاسین زئی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کے سلسلے میں حکومت علمائے کرام اور منتظمین کے باہمی تعاون سے اقدامات کرے گی۔ عید قربان اور محرم الحرام کے اجتماعات سے وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے حفاظتی تدابیر ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ نماز جمعہ مسجد و امام بارگاہ کلاں کی میں نے جو رپورٹ دی وہ تلخ حقائق پر مبنی تھی، جسے بروقت شائع نہیں کیا گیا۔ کوئٹہ کے مختلف مقامات پر پارک کی ضرورت ہے، علمدار روڈ پر پارک کے سلسلے میں متعلقہ اداروں سے بات کروں گا۔ اس موقعہ پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اور ان کے پروٹوکول افسر رمضان علی کو قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 876956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش