0
Monday 10 Aug 2020 23:31

ہماری مشرقی سرحد درۂ اردن پر اور شہر قدس بھی اسرائیل میں شامل ہونا چاہئے، بینی گینٹز

ہماری مشرقی سرحد درۂ اردن پر اور شہر قدس بھی اسرائیل میں شامل ہونا چاہئے، بینی گینٹز
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق صیہونی وزیر جنگ بینی گینٹز نے اسرائیلی پارلیمنٹ "کینیسٹ" میں امریکی مذموم منصوبے "صدی کی ڈیل" پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا موقف یہ ہے کہ امن و امان، اسرائیلی قومی سلامتی کی ایک غنیمت ہے جبکہ اس حوالے سے ٹرمپ کا پیش کردہ منصوبہ (صدی کی ڈیل) زبردست ہے۔ اسرائیلی پارٹی بلیو-وائٹ کے سربراہ نے فلسطینی مغربی کنارے کی زیادہ سے زیادہ سرزمین پر قبضہ کرنے کے لئے صیہونی وزیراعظم کی جانب سے اٹھائے گئے حریصانہ اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بنجمن نیتن یاہو پر تنقید بھی کی۔

اسرائیلی وزیر جنگ نے کینیسٹ کے سامنے اپنی تقریر میں کہا کہ درۂ اردن ہماری مشرقی سرحد جبکہ (غیر قانونی) یہودی بستیاں اور یروشلم (مقبوضہ قدس) مکمل طور پر ہمارے کنٹرول میں ہونا چاہئے۔ بینی گینٹز نے اپنی گفتگو میں صدی کی ڈیل نامی مذموم منصوبے میں بنجمن نینن یاہو کے ساتھ اپنی شراکتداری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں سکیورٹی کے معاملات دیکھتا ہوں جبکہ (اسرائیلی) کابینہ کے فیصلے کے مطابق میں اس (منصوبے) کو زیر بحث لانے کے لئے کابینہ میں پیش نہیں کر سکتا جبکہ (کابینہ میں) تاحال اس پر بحث نہیں ہوئی۔

قبل ازیں اسرائیلی نیوز چینل "کان نیوز" (KanNews) نے اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا تھا کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے تل ابیب پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ صدی کی ڈیل پر عملدرآمد کو اس وقت تک روک دے جب تک (بنجمن نیتن یاہو کی) "لیکویڈ پارٹی" (بینی گینٹز کی) "سفید-نیلی" پارٹی کی حمایت حاصل نہیں کر لیتی۔ یاد رہے کہ اس حوالے سے اسرائیلی کابینہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ مزید 30 فیصد فلسطینی اراضی پر قبضے کے مذموم "الحاقی منصوبے" پر یکم جولائی سے عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا جبکہ بعدازاں عالمی مخالفت اور اسلامی مزاحمتی محاذ کے شدید ردعمل کے خوف سے اس منصوبے پر عملدرآمد کو ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 879511
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش