0
Saturday 30 Jul 2011 11:33

کوئٹہ،سپینی روڈ پر نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ، ہزارہ برادری کے 11 افراد جاں بحق، 4 زخمی، تحفظ عزاداران کونسل کا 40 روزہ سوگ کا اعلان

کوئٹہ،سپینی روڈ پر نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ، ہزارہ برادری کے 11 افراد جاں بحق، 4 زخمی، تحفظ عزاداران کونسل کا 40 روزہ سوگ کا اعلان

کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے علاقے سپینی روڈ پر نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔  ہزارہ کمیونٹی کے افراد ایک ویگن میں سوار جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں اور لاشوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کر دیا۔ فائرنگ سے زخمی 3 افراد کی حالت بھی نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے ہسپتال کے باہر جمع ہو کر سڑک کو بلاک کر دیا، حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلائے اور شدید نعرہ بازی کی۔ فائرنگ واقعہ میں ہلاکتوں کے خلاف ہزارہ کمیونٹی میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے. اُدھر واقعہ کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ایس ایچ او کی قیادت میں مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم کوئی گرفتاری سامنے نہیں آ سکی۔
 دیگر ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے اسپینی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے سوزوکی وین پر فائرنگ کر دی، جس کے باعث گیارہ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور مختلف مقامات کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار نقاب پوش تھے، سوزوکی اسپینی سے مری آباد جا رہی تھی۔ واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے بولان میڈیکل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی ہے اور چار گاڑیاں، متعدد موٹر سائیکلیں اور دس دکانیں نذر آتش کر دیں۔

خبر کا کوڈ : 88166
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش